رسائی کے لنکس

پاکستان میں عید کا چاندنظر نہیں آیا، عید ہفتے کو ہوگی


ہلال
ہلال

پاکستان میں شوال کاچاند نظرنہیں آیا، لہذا ملک بھر میں عیدالفطر11ستمبربروز ہفتہ منائی جائے گی۔

شوال کا چاند دیکھنے کے لیے سرکاری رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس جمعرات کےروز کراچی میں ہوا۔ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کمیٹی کے سربراہ مفتی منیب الرحمن نے صحافیوں کو بتایا کہ ملک بھر میں کسی بھی شہر یا قصبے سے چاند نظر آنے کی شرعی شہادتیں موصول نہیں ہوئی ہیں۔

مفتی منیب نے بتایا کہ مرکزی کمیٹی کے علاوہ زونل اور ضلعی رویتِ ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی صوبائی اور ضلیر صدر مقامات پر منعقد ہوئے تاہم کسی بھی کمیٹی کو چاند نظر آنے کی شہادت نہ ملنے کے بعد متفقہ طور پر ملک بھر میں عید 11ستمبر بروز ہفتہ منائے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

مرکزی کمیٹی کی جانب سے چاند نظر نہ آنے کا اعلان قدرے تاخیر سے کیا گیا۔ قبل ازیں لاہور، کوئٹہ اور اسلام آباد کی زونل کمیٹیوں کی جانب سے رویتِ ہلال نہ ہونے کا اعلان کردیا گیا تھا۔ تاہم پشاور کی زونل کمیٹی اور کراچی میں ہونے والے مرکزی کمیٹی کے اجلاس معمول کے برخلاف کافی دیر تک جاری رہے اور رات نو بجے کے بعد رویتِ ہلال نہ ہونے کا باقاعدہ اعلان کیا گیا۔


پاکستان میں رمضان اور شوال کے چاند کی رویت کا معاملہ تقریباً ہر سال ہی اختلاف کا شکار ہوتاہے اور صوبہ خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں اور قبائلی علاقوں میں قائم غیر سرکاری رویتِ ہلال کمیٹیوں اور مقامی علماء کی جانب سے مرکزی کمیٹی کے فیصلہ کو عموماً تسلیم نہیں کیا جاتا۔

وفاق کے زیرِ انتظام قبائلی علاقے باجوڑ ایجنسی کے مقامی علماء کی جانب سے پہلے ہی جمعہ کے روز عید منائے جانے کا اعلان کیا جاچکا ہے۔ جبکہ پاکستان کے شمال مغربی علاقوں میں مقیم بیشتر افغان پناہ گزین بھی افغانستان کے ساتھ عید مناتے ہیں۔

ادھر پشاور میں ہر سال کی طرح اس بار بھی غیر سرکاری رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی زیرِ صدارت مسجد قاسم جان میں ہوا۔ تاہم کمیٹی کی جانب سے آخری اطلاعات تک رویتِ ہلال کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

مفتی منیب الرحمن نے اپنی پریس کانفرنس میں پاکستانی قوم سے عید کی خوشیوں میں حالیہ سیلاب سے متاثر ہونے والے ہم وطنوں کو شریک کرنے کی اپیل کی ۔ ان کا کہنا تھا کہ اہلیانِ وطن عید کے اخراجات کا کم از کم پچاس فیصد سیلاب زدگان پہ خرچ کر یں۔ پاکستان میں اس سال کی طوفانی مون سون بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب سے کم از کم1700افراد ہلاک اور دو کروڑ کے لگ بھگ متاثر ہوئے ہیں۔

ادھر ہندوستان میں بھی شوال کا چاند دکھائی نہ دینے کے بعد مسلم علماء کی جانب سے عید ہفتہ کے رو ز منائے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ شوال کا چاند نظر نہ آنے کا اعلان جامع مسجد دہلی کے پیش امام سید احمد بخاری اور مجلسِ علماء حیدرآباد دکن کے سیکریٹری جنرل اور مسلم پرسنل لاء بورڈ کے رکن سید قبول پاشا کی صدارت میں رویتِ ہلال کے لیے ہونے والے علیحدہ علیحدہ اجلاسوں کے بعد کیا گیا۔

دوسری جانب پولیس کی جانب سے عید الفطر کے اعلان کے بعد ہندوستانی زیرِ انتظام کشمیر کے تمام علاقوں سے کرفیو اٹھالیا گیا ہے۔ ہندوستان کی سرکاری نیوز ایجنسی کی جانب سے جاری ہونے والی ایک خبر میں ہندوستانی پولیس افسران کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ سری نگرشہر ، اننت ناگ اور بیج بہاڑہ کے قصبوں سمیت جنوبی کشمیر کے تمام علاقوں سے کرفیو اٹھالیا گیا ہے۔ کشمیر کے علاقے بارہ مولا میں مبینہ طور پر پولیس کی فائرنگ سے چار افراد کی ہلاکت کے بعد کشمیر بھر میں پُرتشدد مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا جس کے بعد وادی کے نو اضلاع میں منگل کے روز سے کرفیو نافذ تھا۔

دوسری جانب سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور کویت سمیت بیشتر خلیجی ریاستوں میں کل بروز جمعہ عیدالفطر منائی جائے گی۔ مختلف خلیجی ریاستوں کی مذہبی کونسلز کی جانب سے بدھ کے روز شوال کا چاند نظر نہ آنے کے بعد جمعرات کو روزہ رکھنے اور جمعہ کو عید منانے کا علان کیا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG