رسائی کے لنکس

پاکستان: سخت سکیورٹی میں عید


وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ حکومت مشکل کی اس گھڑی میں بے گھر لوگوں اورمتاثرین سیلاب کی امداد اور بحالی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کرے گی۔

پاکستان میں پیر کو عید الاضحیٰ مذہبی عقیدت و جذبے کے ساتھ منائی گئی جس میں مسلمانوں نے سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانور ذبح کیے۔

ملک بھر میں نماز عید کے چھوٹے بڑے اجتماعات ہوئے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہزاروں اہلکاروں کی اضافی نفری حساس مقامات کے علاوہ مساجد اور عیدگاہوں کے باہر تعینات رہی۔

نماز عید کے بعد قربانی کے جانوروں کو ذبح کرنے کا سلسلہ شروع ہوا اور گھروں کے علاوہ کھلے میدانوں میں چھوٹے بڑے جانوروں کی قربانی کی گئی۔

عیدالاضحیٰ کے موقع پر پاکستان کے صدر ممنون حسین اور وزیراعظم نوازشریف نے اپنے الگ الگ پیغامات میں ملک میں رواداری ، ضبط وتحمل اور بھائی چارے کے جذبے کے فروغ پر زوردیا۔

اپنے پیغامات میں پاکستان کی سیاسی قیادت نے لوگوں سے کہا کہ وہ اس خوشی کے موقع پر شمالی وزیرستان کے بے گھر لوگوں اور حالیہ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو بھی یاد رکھیں۔

وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ حکومت مشکل کی اس گھڑی میں بے گھر لوگوں اورمتاثرین سیلاب کی امداد اور بحالی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کرے گی۔

وزیراعظم نے نماز عید کے بعد سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا جب کہ پاکستانی فوج کے سربراہ نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف لڑائی میں مصروف جوانوں کے ساتھ عید منائی۔​

نارروال میں وزیراعظم نے سیلاب متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "جن کی فصلیں تباہ ہوئی ہیں ان کے نقصان کا بھی ازالہ کیا جائے گا۔۔۔جن کے مکانات گرے ہیں ان کے گھروں کو تعمیر کرنے کے لیے معاوضہ دیا جائے گا اور حکومت ہر طرح کی ان کی مدد کرے گی۔"

ان کا کہنا تھا کہ وسائل کی کمی کے باجود بھی ان کی حکومت سیلاب زدگان کی بحالی اور ملک کی خوشحالی کے لیے بھرپور محنت کرے گی۔

XS
SM
MD
LG