رسائی کے لنکس

عید کا دن بھارتی کشمیر کے عوام کی قربانیوں کے نام: نواز شریف


فائل فوٹو
فائل فوٹو

یہ امر قابل ذکر ہے کہ گزشتہ ماہ پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر بھی پاکستانی وزیراعظم نے اس دن کو بھارتی کشمیر کے عوام کے نام کرنے کا اعلان کیا تھا۔

پاکستان میں منگل کو عید الضحیٰ مذہبی جوش و جذبے سے منائی گئی اور ملک بھر میں نماز عید کے چھوٹے بڑے اجتماعات ہوئے اور مسلمانوں نے پیغمبر ابراہیم کی سنت کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کو ذبح کیا۔

اس موقع پر ملک کی سیاسی و عسکری قیادت نے ملک میں امن و امان برقرار رکھنے کے اپنے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

وزیراعظم نواز شریف نے لاہور کے مضافات میں اپنی رہائش گاہ رائےونڈ میں نماز عید ادا کی۔

ایک سرکاری بیان میں وزیراعظم نے اس عید کو بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے عوام کی قربانیوں کے نام کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان انھیں کبھی فراموش نہیں کر سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کا ملک آئندہ آنے والی تمام عیدین بھی کشمیری عوام کے نام کرتا رہے گا تاوقتیکہ کشمیر کا مسئلہ اس کی عوام کی امنگوں کے مطابق حل نہیں ہو جاتا۔

کشمیر پاکستان اور بھارت کے مابین شروع ہی سے متنازع ہے جس کا ایک، ایک حصہ دونوں ہمسایہ ایٹمی قوتوں کے زیر انتظام ہے۔

رواں سال جولائی میں بھارتی کشمیر میں ایک علیحدگی پسند کمانڈر برہان وانی کی سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں ہونے والی ہلاکت کے بعد وہاں مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوا تھا جو تاحال جاری ہے اور آئے روز کے مظاہروں میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں 70 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

نواز شریف کے اس تازہ بیان پر بھارت کی طرف سے تو کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا لیکن وہ اپنے زیر انتظام کشمیر سے متعلق پاکستان کی تشویش اور بیانات کو اپنے اندرونی معاملات میں مداخلت قرار دیتے ہوئے اسلام آباد کو اس سے گریز کرنے کا کہتا آیا ہے۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ گزشتہ ماہ پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر بھی پاکستانی وزیراعظم نے اس دن کو بھارتی کشمیر کے عوام کے نام کرنے کا اعلان کیا تھا۔

وزیراعظم نواز شریف نے عید کے موقع پر اپنے پیغام میں پاکستانی عوام سے بھی کہا کہ انتہا پسندانہ رویوں سے نجات کے لیے انھیں ذاتی، مسلکی اور گروہی مفادات سے بالاتر ہونا ہو گا اور وہ ہم آہنگی، رواداری، برداشت اور میانہ روی کو اپنے روز مرہ معاملات میں شامل کریں۔

ادھر بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے گزشتہ کئی عیدین کی طرح یہ عید بھی اپنے فرائض کی انجام دہی میں مصروف سکیورٹی اہلکاروں کے ہمراہ منائی۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ "آئی ایس پی آر" کے مطابق جنرل راحیل نے نماز عید افغان سرحد سے ملحقہ قبائلی علاقے باجوڑ میں فوج اور ایف سی کے اہلکاروں کے ساتھ ادا کی جس میں مقامی قبائلی عمائدین بھی شریک ہوئے۔

بیان کے مطابق اس موقع پر سپہ سالار نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ فوج قیام امن کے اپنے فرض کو انجام دیے بغیر قبائلی علاقوں سے نہیں جائے گی۔

XS
SM
MD
LG