رسائی کے لنکس

ملتان کا ضمنی انتخاب پیپلز پارٹی نے جیت لیا


پیپلز پارٹی کے کارکنان (فائل فوٹو)
پیپلز پارٹی کے کارکنان (فائل فوٹو)

یہ نشست کامیاب امیدوار عبدالقادر گیلانی کے والد اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی اسمبلی رکنیت سے نااہلیت کے بعد خالی ہوئی تھی۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 151 ملتان چار میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے سرکاری نتائج کا اعلان کردیا گیا ہے جس کے مطابق پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے عبدالقادر گیلانی کامیاب امیدوار قرار پائے ہیں۔

یہ نشست عبدالقادر گیلانی کے والد اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی اسمبلی رکنیت سے نااہلیت کے بعد خالی ہوئی تھی۔

سرکاری نتائج کے مطابق عبدالقادر گیلانی نے 64340 اور ان کے مد مقابل آزاد امیدوار شوکت حیات بوسن نے 60761 ووٹ حاصل کیے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق جمعرات کو ہونے والے انتخاب میں ڈالے گئے ووٹوں کی شرح 41.50 فیصد رہی اور 1544 ووٹ مسترد کیے گئے۔

قومی اسمبلی کے اس خالی نشست کے لیے کل دس امیدواروں نے انتخاب میں حصہ لیا لیکن اصل مقابلہ گیلانی اور بوسن کے درمیان ہی ہوا جو کہ اس حلقے کے دو بڑے سیاسی حریف خاندان ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ نے ضمنی انتخاب میں اپنی جماعت کی کامیابی پر سرکاری ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان قوتوں اور ان لوگوں کے لیے واضح پیغام ہے جو کہ سمجھتے ہیں کہ پیپلز پارٹی عوام میں مقبول نہیں رہی۔

شوکت بوسن کو اس حلقے میں مسلم لیگ ن سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کی حمایت حاصل تھی۔
XS
SM
MD
LG