رسائی کے لنکس

پاکستان کے انتخابات میں بدعنوانی کی مکمل چھان بین ہونی چاہیے: امریکہ


میتھیو ملر، ترجمان، امریکی محکمہ خارجہ
میتھیو ملر، ترجمان، امریکی محکمہ خارجہ

امریکہ نے پاکستان کے انتخابی عمل میں مبینہ بد عنوانی کے الزامات کی مکمل تحقیقات کروانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا ہے کہ ہم نے اس حوالے سے بعض تحفظات کا اظہار کھل کر اور نجی سطح پر بھی کیا ۔ اور ہم نے یورپی یونین، برطانیہ اور دیگر ممالک کی طرف سے ظاہر کئے گئے اظہار تشویش کی تائید بھی کی ہے۔

میتھیو ملر نے پیر کے روز ہفتہ وار بریفینگ میں کہا کہ انتخابی عمل میں بعض بے قاعدگیاں، جن کا ہم نے مشاہدہ کیا، ان کے بارے میں ہم نے پاکستانی حکومت کو آگاہ کیا ہے کہ لوگوں کی رائے کا احترام کیا جائے۔

انہوں نے صحافیوں کے سوال کے جواب میں کہا “ہم اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ مداخلت اور دھوکہ دہی کے جو الزامات سامنے آ رہے ہیں ، پاکستان کے قانون کے تحت ان کی مکمل تحقیقات کی جائیں۔ ہم آنے والے دنوں میں اس عمل پر نظر رکھیں گے۔”

ایک سوال کے جواب میں ترجمان میتھیو ملر نے کہا، “میں صرف اس بات کا اعادہ کرتا ہوں کہ دھوکہ دہی کے الزامات کی مکمل چھان بین کی ضرورت ہے ۔ یہ واضح طور پر ایک مسابقتی انتخابات تھے جس میں لوگوں نے انتخاب کرنے کا حق استعمال کیا۔

نئی حکومت کے قیام سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ملر نے کہا کہ ہم جمہوری عمل کا احترام کرتے ہیں ۔'' جہاں تک نئی حکومت کا سوال ہے، پاکستان کے عوام جسے اپنی نمائندگی کے لیے منتخب کریں گے، ہم اس حکومت کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔"

ترجمان نے پاکستان میں اجتماع کے حق کی شہری آزادی پر بھی زور دیا۔

ترجمان نے مزید کہا کہ امریکہ نے متعدد بار پاکستانی حکومت پرزور دیا ہے کہ امریکہ ، قانون کی حکمرانی اور آئین کا احترام دیکھنا چاہتا ہے۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ہم مسلسل یقین رکھتے ہیں کہ الیکشن کے بعد کے حالات میں آزاد پریس اور فعال سول سوسائٹی کا احترام کیا جانا چاہئیے، اور ہم الیکشن سے متعلق تشدد اور انٹر نیٹ اور سیل فون سروس پر پابندیوں کی مذمت کرتے ہیں۔

ترجمان نے ایک بار پھر پاکستانی عوام کو جمعرات کے انتخابات میں حصہ لینے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ انتخابی عملہ، صحافی، اور الیکشن کا مشاہدہ کرنے والے مبصرین سب شامل ہیں، جنہوں نے پاکستان کے جمہوری اور انتخابی اداروں کا تحفظ کیا ہے۔

انتخابی شکایات قانونی طریقے سے حل کریں: اقوام متحدہ

دوسری طرف اقوامِ متحدہ میں معمول کی بریفنگ کے دوران پاکستان میں عام انتخابات کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے اقوام متحدہ کے سکرٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے کہا کہ سیکرٹری جنرل صورتِ حال کا قریب سے جائزہ لے رہے ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل تمام معاملات،تنازعات کو قائم شدہ قانونی فریم ورک کے ذریعے اور انسانی حقوق کا احترام کرتے ہوئے حل کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں اور یہ کہ پاکستانی عوام کے مفاد کے پیشِ نظر قانون کی حکمرانی کا مکمل احترام کیا جائے۔

اقوام متحدہ کے سکرٹری جنرل، پاکستان میں حکام، سیاسی رہنماوں پر زور دیتے ہیں کہ پر امن فضا برقرار رکھیں، تشدد کی ہر قسم سے دور رہیں اور ایسے اقدامات سے اجتناب کریں جن سے کشیدگی کو مزید ہوا ملے۔

فورم

XS
SM
MD
LG