رسائی کے لنکس

ووٹ ڈالنے کے مشینی نظام متعارف کرانے کا فیصلہ


ووٹ ڈالنے کے مشینی نظام متعارف کرانے کا فیصلہ
ووٹ ڈالنے کے مشینی نظام متعارف کرانے کا فیصلہ

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ پانچ سالوں کے عرصے میں عام انتخابات کے لیے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی ٹیکنالوجی کو متعارف کروا دیا جائے گا تاکہ آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا جاسکے۔

منگل کو اسلام آباد میں نیوزکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کمیشن کے ترجمان اشتیاق احمد خان نے کہا کہ یہ فیصلہ دارالحکومت میں تمام چھوٹی بڑی سیاسی جماعتوں اور غیر سرکاری تنظیموں سے دورروزہ مشاور ت اور ان کی متفقہ حمایت حاصل کرنے کے بعد کیا گیاہے۔

انھوں نے بتایا کہ پاکستان کے متعلقہ ادارے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کو مقامی طور پر تیار کرنے کا جائزہ لے رہے ہیں جن پر کل خرچ کا تخمینہ ابتدائی طور پر ایک سے دو ارب روپے لگایا گیا ہے تاہم ان کے مطابق اس ٹیکنالوجی کے متعارف ہونے سے انتخابات پر نسبتاً کم خرچ آئے گا اور یہ پولنگ کے دوران ممکنہ دھاندلی یا کسی بھی قسم کی بے ضابطگی کو روکنے میں مئوثر ثابت ہوگی۔

ترجمان نے بتایا کہ روایتی طریقہ کار کی جگہ الیکٹرانک ووٹنگ کا نظام زیادہ قابل اعتماد ہوگا اور پولنگ کے نتائج میں کسی طرح کا ”ردوبدل“ممکن نہیں ہوگا اور ان کے مطابق مشین کا استعمال اس قدر آسان ہوگا کہ ایک ناخواندہ شخص بھی اپنی شناخت کرانے کے بعد صرف بٹن دبا کر ووٹ دے سکے گا۔

اشتیاق احمد خان
اشتیاق احمد خان

یہ امر دلچسپ ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ کا نظام اگرچہ دنیا کے بہت سے ترقی یافتہ ملکوں میں مختلف وجوہات کی بنا پر مکمل یا جزوی طور پر ترک کیا جارہا ہے لیکن اشتیاق احمد خان کے مطابق پاکستان یہ ٹیکنالوجی اس لیے اپنا رہا ہے کہ یہ جنوبی ایشیا کے سیاسی حالات کے اعتبار سے موزوں ہے اور بھارت سمیت تقریباً سب ہی ممالک اسے اپنا رہے ہیں۔ اس سوال پر کہ بجلی کے سنگین بحران کی موجودگی میں الیکٹرانک مشینوں پر انتخابات کیسے ہوں گے، ترجمان نے کہا کہ اس طرح کے مسائل دیگر علاقائی ملکوں کو بھی درپیش ہیں لیکن وہاں پر یہ مشینیں بیٹریوں کی مدد سے بلا تعطل چلائی جارہی ہیں۔

پاکستان میں عام انتخابات کا عمل روایتی طور ر دھاندلی اور بددیانتی کے الزامات سے متاثر وہوتا آیا ہے تاہم دو روزہ مشاورت کے دوران پیپلز پارٹی،مسلم لیگ ن،مسلم لیگ ق،عوامی نیشنل پارٹی،نیشنل پارٹی ،تحریک انصاف اوردیگر جماعتوں نے الیکشن کمیشن کو یقین دلایا کہ وہ الیکٹرانک ووٹنگ سمیت ہر اس اقدام کی حمایت کریں گی جو انتخابی عمل کو بے ضابطگیوں سے پاک کرنے کے لیے کیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG