رسائی کے لنکس

توانائی کی بچت میں خواتین کے کردار پر بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد


کانفرنس کے شرکا
کانفرنس کے شرکا

امریکی حکومت کے تعاون سے اسلام آباد میں ایک پانچ روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ہے جس کا مقصد توانائی کے سنگین بحران کے شکار پاکستان کو توانائی کی بچت اور اس کے موثر استعمال میں مدد فراہم کرنا ہے۔

’’خواتین اور توانائی‘‘ کے عنوان سے جاری کانفرنس میں علاقائی ممالک بشمول سری لنکا ، نیپال اور بنگلہ دیش سے ماہرین شرکت کر رہے ہیں جو پاکستان کو ان ’’کامیاب تجربات‘‘ سے آگاہ کریں گے جن کے ذریعے انہوں نے اپنے ہاں خواتین میں توانائی کی اہمیت اجاگر کر کے اور متبادل طریقوں کو فروغ دے کر توانائی کی خاطر خواہ بچت کی ہے۔

29اکتوبر تک جاری رہنے والی اس کانفرنس کا اہتمام ایک غیر سرکاری تنظیم ’’توانائی میں خواتین‘‘ نے کیا ہے جو مختلف سرکاری اداروں ، تنظیموں اور افراد کے ساتھ مل کر آگاہی کے پروگرام کے ذریعے تیس فیصد تک بجلی بچانے کا ہدف حاصل کرنا چاہتی ہے۔

کانفرنس میں بین الاقوامی امداد کا امریکی ادارہ یو ایس ایڈ بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے اورمشاورت بھی فراہم کر رہا ہے ۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ خواتین جو ملکی آبادی کا 51 فیصد ہیں اگر گھریلو سطح پر روز مرہ کے معمولات میں توانائی کی اہمیت کو سمجتھے ہوئے بچت کے طریقے اپنا لیں تو توانائی کے بحران کو دور کرنے میں بہت حد تک مدد مل سکتی ہے۔

کانفرنس میں شریک پاکستان انجینئرنگ کونسل کے ایک عہدیدار اشفاق احمد شیخ نے وائس آف امریکہ کو انٹرویو میں بتایا کہ ان کا ادارہ ایسے منصوبے شروع کر رہا ہے جن کے ذریعےملک بھر میں خواتین تک توانائی کے متبادل ذرائع پہنچائے جائیں تاکہ وہ بجلی اورگیس کی جگہ سورج کی روشنی سے بلب اور چولہے جلا سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس ضمن میں متعلقہ علاقوں کی یونیورسٹیوں میں خصوصی سیل بھی قائم کیے جا رہے ہیں جو گھر گھر جا کر عورتوں کو توانائی کی بچت کے لیے متحرک کریں گے۔

پاکستان میں حکومتی سطح پر پہلے ہی توانائی کی بچت کے سلسلے میں مختلف اقدامات کیے گئے ہیں جن میں ہفتے میں دو چھٹیوں کا فیصلہ بھی شامل ہے لیکن اس کے باوجود بجلی کا بحران بدستور موجود ہے۔

وزارت پانی وبجلی کے ایک عہدیدار کے مطابق بجلی کی قلت جو موسم گرما کےدوران چار ہزار میگا واٹ تک تھی اس موسم میں طلب کم ہونے کے بعد پانچ سو میگا واٹ کے قریب ہے لیکن اس کے باوجود بھی کئی علاقوں میں عوام کو طویل لوڈ شیڈنگ کا سامنا ہے۔

پاکستان کودرپیش توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لیے امریکہ اس شعبے میں خصوصی تعاون فراہم کر رہا ہے جو دونوں ملکوں کے درمیان جاری اسٹریٹیجک مذاکرات میں بھی خاص اہمیت رکھتا ہے۔

پاکستان کو اس وقت توانائی کے شدید بحران کا سامنا ہے جس نے عام آدمی کی زندگی مشکل بنانے کے علاوہ ملک کی تجارتی اور اقتصادی سرگرمیوں کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG