رسائی کے لنکس

پاکستان اور انگلینڈ آج قذافی اسٹیڈیم میں مدِ مقابل، نسیم شاہ ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے


پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سات میچز کی سیریز دو دو سے برابر ہے۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سات میچز کی سیریز دو دو سے برابر ہے۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پانچواں ٹی ٹوئنٹی میچ بدھ کو کھیلا جائے گا اور میزبان ٹیم کو فاسٹ بالر نسیم شاہ کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں دونوں ٹیمیں بدھ کو مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے سات بجے مدِمقابل ہوں گی۔

دونوں ٹیمیوں کے درمیان سات ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے چار میچز کراچی میں کھیلے گئے تھے، جس میں سے دو میچز پاکستان جب کہ دو میچز انگلش ٹیم نے اپنے نام کیے۔

قذافی اسٹیڈیم میں سیریز کے پانچویں میچ میں جہاں پاکستان ٹیم کو ہوم گراؤنڈ کا فائدہ ہوگا وہیں انگلینڈ کی ٹیم اس گراؤنڈ پر اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ جیتنے کی کوشش کرے گی۔

بدھ کے میچ کے لیے دونوں ٹیموں میں چند تبدیلیاں بھی متوقع ہیں۔ پاکستان ٹیم میں آل راؤنڈر شاداب خان کی واپسی کا امکان ہے اور کہا جا رہا ہے کہ وہ لیگ اسپنر عثمان قادر کی جگہ ٹیم کا حصہ بنیں گے۔

اتوار کو کھیلے گئےسیریز کے چوتھے میچ میں عثمان قادر ایلکس ہیلز کا مشکل کیچ پکڑتے ہوئے انگوٹھے کی انجری کا شکار ہوگئے تھے جس کے بعد وہ بالنگ بھی نہیں کرسکے تھے۔

فاسٹ بالر نسیم شاہ کی بھی بدھ کے میچ میں شرکت مشکوک ہے۔ انہیں منگل کی شب طبیعت کی ناسازی کے باعث اسپتال لے جایا گیا تھا۔

پی سی بی کے مطابق نسیم شاہ وائرل انفیکشن کا شکار ہوئے ہیں تاہم اب وہ قدرے بہتر محسوس کر رہے ہیں اور آئندہ میچز کے لیے ان کی دستیابی کا فیصلہ میڈیکل رپورٹس دیکھنے کے بعد کیا جائے گا۔

ادھر انگلینڈ کی ٹیم میں مارک ووڈ کی واپسی کا امکان ہے جو انگلش بالنگ لائن کو مزید مضبوط کردیں گے۔

XS
SM
MD
LG