پاکستان کے جنوبی صوبہ سندھ میں ایک شخص نے اپنے پانچ بچوں کو مبینہ طور پر گلا گھونٹ کر قتل کر دیا۔
یہ واقعہ مٹیاری ضلع کے سعید خاں لغاری نامی گاؤں میں جمعہ کی صبح پیش آیا۔
مقامی پولیس حکام کے مطابق 52 سالہ شخص علی نواز لغاری نے مبینہ طور پر دو بیٹوں اور تین بیٹیوں کو اس وقت گلا گھونٹ کر قتل کیا جب اس کی بیوی گھر پر موجود نہیں تھی۔ قتل کیے گئے پانچوں بچوں کی عمریں 15 سال سے کم بتائی جاتی ہیں۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے اس واقعہ کی تفتیش شروع کر دی ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق علی نواز لغاری جو زراعت کے پیشے سے منسلک ہے، کی ذہنی صحت درست نہیں تھی۔
اس واقعہ کے بعد وہ موقع سے فرار ہو گیا تھا اور پولیس اس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔
پاکستان میں اس طرح کے واقعات اکثر رونما ہوتے رہتے ہیں اور سماجی مبصرین اس کی بڑی وجہ غربت و پسماندگی اور ذہنی دباؤ کو قرار دیتے ہیں۔