رسائی کے لنکس

25 رکنی وفاقی کابینہ نے حلف اٹھا لیا


صدر زرداری وزراء سے حلف لے رہے ہیں
صدر زرداری وزراء سے حلف لے رہے ہیں

وفاقی وزراء میں نواز شریف کے قریبی ساتھی اسحاق ڈار، چوہدری نثار، خواجہ آصف، سعد رفیق، شاہد خاقان عباسی، لفیٹننٹ جنرل ریٹائرڈ عبد القادر بلوچ شامل ہیں۔

پاکستان میں انتقال اقتدار کا عمل مکمل ہونے کے بعد نو منتخب وزیراعظم نواز شریف نے جمعہ کو 25 رکنی وفاقی کابینہ کا اعلان کیا جن سے صدر آصف علی زرداری نے حلف لیا۔

ایوان صدر میں ہونے والی تقریب حلف برداری میں وزیراعظم نواز شریف بھی شریک تھے جب کہ دیگر مہمانوں میں مسلح افواج کے سربراہ بھی شامل تھے۔

کابینہ میں 16 وفاقی وزراء اور نو وزرائے مملکت ہیں۔

وفاقی وزراء میں نواز شریف کے قریبی ساتھی اسحاق ڈار، چوہدری نثار، خواجہ آصف، سعد رفیق، شاہد خاقان عباسی اور لفیٹننٹ جنرل ریٹائرڈ عبد القادر بلوچ شامل ہیں۔

وزرائے مملکت میں دو خواتین انوشہ رحمٰن اور سائرہ افضل تارڑ بھی شامل ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نواز شریف رواں ہفتہ تیسری بار ملک کے وزیراعظم منتخب ہوئے۔

اُنھوں نے ایک روز قبل خارجہ پالیسی سے متعلق اپنے پہلے پالیسی بیان میں پڑوسی ممالک سے اچھے تعلقات، معیشت کی بحالی میں بیرون ملک قائم سفارت خانوں کے کردارکو موثر بنانے، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے علاقائی ملکوں اور بین الاقوامی برداری سے قریبی تعاون بڑھانے پر زور دیا۔

پاکستان کو توانائی کے شدید بحران کا سامنا ہے اور وزیراعظم نواز شریف نے جمعرات کو ایک اعلٰی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے فوری اصلاحات اور موثر اقدامات پر زور دیا تھا۔
XS
SM
MD
LG