رسائی کے لنکس

دبئی ٹیسٹ کا پہلا دن، پاکستان 4 وکٹوں پر207 رنز


پاکستان کے بلے باز بابر اعظم شاٹ کھیل رہے ہیں۔
پاکستان کے بلے باز بابر اعظم شاٹ کھیل رہے ہیں۔

دبئی ٹیسٹ کے پہلے روز اظہر علی اور حارث سہیل کی شاندار شراکت کے باعث پاکستان نے کھیل کے اختتام پر 4 وکٹوں کے نقصان پر207 رنز بنا لئے ہیں۔ حارث سہیل 81 اور بابر اعظم 14 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

دبئی ٹیسٹ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کی بیٹنگ لائن ابتداء ہی میں لڑکھڑا گئی۔ اوپنرز ایک بار پھر اچھا آغاز نہ دے سکے اور صرف 25 رنز پر محمد حفیظ اور امام الحق 9،9 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔

نئے بیٹسمینوں حارث سہیل اور اظہرعلی نے محتاط بیٹنگ کرتے ہوئے کھانے کے وقفے تک مزید کو ئی وکٹ گنوائے اسکور 57 رنز تک پہنچایا۔

کھانے کے وقفے کے بعد اظہر علی نے اپنی نصف سنچری مکمل کی جو ٹیسٹ میچوں میں ان کی 31ویں نصف سنچری ہے۔

اظہر علی اور حارث سہیل نےکھانے کے وقفے کے بعد پراعتماد بیٹنگ کی اور چائے کے وقفے تک کوئی بھی وکٹ گنوائے بغیر مجموعی اسکور 117 رنز پر پہنچا دیا۔

دونوں بیٹسمینوں نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 126 قیمتی رنز کا اضافہ کیا ۔ تاہم جب مجموعی اسکور 151 رنز تک پہنچا، اظہر علی بدقسمتی سے رن آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 81 رنز کی اننگز کھیلی۔

نیوزی لینڈ کے کھلاڑی اظہر علی کے رن آؤٹ ہونے پر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔
نیوزی لینڈ کے کھلاڑی اظہر علی کے رن آؤٹ ہونے پر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔

حارث سہیل نے بھی نصف سنچری مکمل کی جو ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی تیسری نصف سنچری ہے۔

اسد شفیق طویل اننگز نہ کھیل سکے اور صرف 12 رنز بناکر حارث سہیل کا ساتھ چھوڑ گئے۔

پہلے روز جب کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے 4 وکٹیں گنوا کر 207 رنز بنا لئے تھے۔ حارث سہیل 81 اور بابر اعظم 14 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔

واضح رہے کہ 90 اوورز میں 207 رنز متحدہ عرب امارات کے کسی بھی گراؤنڈ پر ٹیسٹ کے پہلے روز کا دوسرا کم ترین اسکور ہے۔

اس سے قبل اسی گراؤنڈ پر 2012ء میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ میں 203 رنز بنے تھے۔

نیوزی لینڈ کی طرف سے کولن ڈی گرینڈہوم نے دو اور پہلے ٹیسٹ کے مین آف دی میچ اعجاز پٹیل نے ایک وکٹ حاصل کی۔

XS
SM
MD
LG