رسائی کے لنکس

خیبرپختونخواہ: اسکول وین پر فائرنگ سے ایک بچی زخمی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

حکام کے مطابق یہ واقعہ وین ڈرائیور کی ذاتی دشمنی کا نتیجہ تھا اور ڈرائیور نے پولیس کو درج کروائی گئی رپورٹ میں حملہ آوروں کو نامزد بھی کیا ہے۔

پاکستان کے شمال مغربی صوبہ خیبرپختونخواہ میں ایک اسکول وین پر مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک بچی زخمی ہوگئی ہے۔

پولیس کے مطابق جمعہ کی صبح ضلع چارسدہ کے گاؤں منی خیلا سے ایک اسکول وین سرڈھیری کی طرف جا رہی تھی کہ اس پر مسلح افراد نے فائرنگ کر دی۔

فائرنگ سے نجی اسکول کی ایک بچی زخمی ہو گئی جسے اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

حکام کے مطابق یہ واقعہ وین ڈرائیور کی ذاتی دشمنی کا نتیجہ تھا اور ڈرائیور نے پولیس کو درج کروائی گئی رپورٹ میں حملہ آوروں کو نامزد بھی کیا ہے۔

حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے تھے جن کی تلاش کے لیے پولیس سے کارروائی شروع کر دی ہے۔

16 دسمبر کو پشاور میں آرمی پبلک اسکول پر دہشت گردوں کے ہلاکت خیز حملے کے بعد ملک بھر میں اسکولوں اور تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کو انتہائی سخت کرنے کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا۔

لیکن اب بھی ایسے اکا دکا واقعات منظر عام پر آچکے ہیں جن سے لوگوں میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔

رواں ہفتے ہی کراچی میں ایک نجی اسکول پر کریکر بم حملہ کیا گیا تھا لیکن اسکول بند ہونے کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔

XS
SM
MD
LG