پاکستان میں حزب مخالف کی دوسری بڑی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کے ایک راہنما اور سابق صوبائی قانون ساز شوکت بسرا فائرنگ کے ایک واقعے میں زخمی جب کہ ان کا سیکرٹری ہلاک ہو گیا ہے۔
مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ واقعہ پیر کو صوبہ پنجاب کے علاقے ہارون آباد میں پیش آیا۔
بعض اطلاعات کے مطابق چند نامعلوم افراد نے یہ فائرنگ کی جب کہ ایسی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں کہ علاقے میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ضیاء) کے کارکنوں کے درمیان ہونے والے تصادم کے دوران یہ فائرنگ ہوئی۔
پولیس کے مطابق واقعے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے جب کہ زخمی ہونے والے سیاسی راہنما شوکت بسرا کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ادھر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایک بیان میں فائرنگ کے اس واقعے میں شوکت بسرا کے زخمی اور ان کے سیکرٹری امتیاز کے مارے جانے کی شدید مذمت کی ہے۔
انھوں نے اس واقعے میں ملوث افراد کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ بھی کیا۔
شوکت بسرا گزشتہ دور حکومت میں پنجاب اسملی کے رکن رہ چکے ہیں جب کہ ان کا شمار موجودہ حکومت کے بلند آہنگ ناقدین میں ہوتا ہے۔