رسائی کے لنکس

فضائی بحران کے باعث پی آئی اے کو ڈیڑھ ارب روپے کا نقصان


فضائی بحران کے باعث پی آئی اے کو ڈیڑھ ارب روپے کا نقصان
فضائی بحران کے باعث پی آئی اے کو ڈیڑھ ارب روپے کا نقصان

پاکستان کی قومی فضائی کمپنی (پی آئی اے) کے ترجمان سطان حسن کا کہنا ہے کہ آئس لینڈ میں آتش فشاں کے پھٹنے سے دوسرے ملکوں کی طرح پی آئی اے کو بھی خاصا مالی نقصان اُٹھانا پڑ اہے اور یورپی ممالک کے لیے پروازوں کی منسوخی سے ملکی ادارے کواب تک تقریباً ڈیڑھ ارب روپے کا مالی نقصان ہوچکا ہے۔

وائس آف امریکہ سے گفتگو میں اُنھوں نے کہا کہ لگ بھگ18 ہزار مسافر پروازوں کی منسوخی سے اپنی منزلوں تک پہنچنے کے انتظار میں ہیں۔ یورپی ممالک نے محدود پیمانے پر منگل سے اپنی فضائی حدود کو بین الاقوامی پروازوں کے لیے کھول دیا ہے لیکن پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ معمول کے حالات میں اتنی بڑی تعداد میں پی آئی اے کے مسافروں کو منزل مقصو د پر پہنچانے میں تین ہفتے لگ سکتے ہیں۔

ترجمان سلطان حسن نے بتایا کہ بین الاقوامی پروازوں کی مکمل بحالی کے بعد مسافروں کو جلد سے جلد روانہ کرنے کی کوششوں میں مدد کے لیے حکومت پاکستان نے امریکہ سے درخواست کی ہے کہ پی آئی اے کے مسافر طیاروں کو براہ راست نیویارک ائیر پورٹ پر اُترنے کی اجازت دی جائے۔

اُنھوں نے بتایا کہ پروازوں کے بحال ہونے پر یورپی ممالک میں زیرتعلیم طالب علموں اور وہاں ملازمت پیشہ افراد کو ترجیحی بنیادوں پر بھیجنے کے لیے بھی پی آئی اے نے وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق ایک حکمت عملی بنا ئی ہے۔

پاکستان سے برطانیہ اور دیگریورپی ممالک میں روزانہ چار سے پانچ پروازیں جاتی ہیں اور اتنی تعداد میں اُن ممالک سے بھی پروازیں پاکستان واپس آتی ہیں۔ خیال رہے کہ آئس لینڈ میں آتش فشاں کی راکھ سے بننے والے بادلوں نے یورپی ممالک کو بین الاقوامی پروازوں کے لیے اپنے ہوائی اڈے اس خطرے کے باعث بند کرنے پر مجبور کر دیا تھا کہ راکھ کے ذرات سے جہازوں کے انجن کام کرنا چھوڑ سکتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG