رسائی کے لنکس

پاکستان کو ملنے والی عالمی امداد کا سلسلہ رک گیا، اقوامِ متحدہ


پاکستان کو ملنے والی عالمی امداد کا سلسلہ رک گیا، اقوامِ متحدہ
پاکستان کو ملنے والی عالمی امداد کا سلسلہ رک گیا، اقوامِ متحدہ

اقوامِ متحدہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں جاری امدادی سرگرمیوں کے لیے عالمی برادری کی جانب سے کی جانے والی مالی امداد کا عمل تقریباً معطل ہوچکا ہے۔

اقوامِ متحدہ کی انسانی امداد کی تنظیم"اوچا" کے ایک اعلامیہ کے مطابق پاکستانی سیلاب زدہ علاقوں میں جاری امدادی سرگرمیوں کیلیے عالمی برادری کی جانب سے 24 اگست تا یکم ستمبر کے دوران صرف 17 ملین ڈالرز وصول ہوئے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ اسےپاکستانی سیلاب زدہ علاقوں کیلیے اپنے اعلان کردہ ابتدائی ایمرجنسی ریسپانس پلان کی مد میں عالمی برادری سے اب تک صرف 291 ملین ڈالرز وصول ہوپائے ہیں، جو منصوبے کے کل تخمینہ کا صرف 63 فیصد ہیں۔

اقوامِ متحدہ کے ذمہ داران پاکستان میں سیلاب سے متاثر ہونے والے دو کروڑ سے زائد افراد کی فوری امداد اور متاثرہ علاقوں کی بحالی کیلیے عالمی برادری پہ مسلسل زور دیتے آئے ہیں۔ سیلاب سے 1600 سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ لاکھوں ایکڑ زرعی اراضی زیرِ آب آئی ہے۔ اوچا کا کہنا ہے کہ بڑے پیمانے پہ ہونے والی تباہی اور وسیع رقبے پہ متاثرین کی موجودگی امدادی کاروائیوں میں مشکلات کا باعث بن رہی ہے۔

عالمی ریڈکراس کمیٹی کی جانب سے جمعرات کے روز یہ اعلان بھی سامنے آیا کہ ادارہ پاکستان میں سیلاب سے متاثر ہونے والے افراد کی امداد اور بحالی کیلیے اپنے بجٹ میں 76 ملین ڈالرز کی اضافی رقم مختص کرے گا۔ پاکستان میں گروپ کے سربراہ جیکوس ڈی مایو کے مطابق سیلاب زدگان کی ضروریات اورجاری امدادی سرگرمیوں میں وسیع خلاء موجود ہے جسے پر کرنے کی ضرورت ہے۔

بدھ کے روز ورلڈ بینک نے بھی پاکستان کو سیلاب سے نمٹنے کیلیے دی جانے والی رقم میں 100 ملین ڈالرز کے اضافے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد عالمی بینک کی جانب سے پاکستان کیلیے اعلان کردہ رقم ایک ارب ڈالر ہوگئی ہے۔ عالمی بینک کے اعلان کے مطابق اضافی رقم پاکستان کو حالیہ سیلاب کے بعد فوری بحالی کے اقدامات اور تعمیرِ نوکی طویل المدتی سرگرمیوں کی مد میں دی جائے گی۔

بدھ کے روز پاکستانی وزیرِ اعظم سید یوسف رضا گیلانی کا یہ بیان بھی سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے دعویٰ کیاتھا کہ سیلاب سے پاکستان کا 5/1 فیصد زرعی رقبہ، فصلیں اور لائیو اسٹاک تباہ ہوگیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ وسیع پیمانے پہ ہونے والی زرعی تباہی آنے والے دنوں میں ملکی اقتصادیات کے دیگر شعبوں کو بھی متاثر کرے گی جس سے بڑے پیمانے پہ بیروزگاری اور مہنگائی میں اضافے کا خدشہ ہے۔

XS
SM
MD
LG