رسائی کے لنکس

سیلاب سےتباہ حال پاکستانی عوام کی مدد کی جائے: راج موہن گاندھی


راج موہن گاندھی
راج موہن گاندھی

بھارت کے بانی رہنما اور عالمی سطح پر عدم تشدد کی علامت سمجھے جانے والے مہاتما گاندھی کے پوتے پروفیسر راج موہن گاندھی نے پوری دنیا سے دل کھول کر سیلاب سے متاثر پاکستانی عوام کی مدد کرنے کی درخواست کی ہے۔

جمعے کو نیو یارک میں اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں پاکستانی سفیر عبداللہ حسین ہارون کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں اُنھوں نے پاکستان میں آنے والے سیلاب کو پورے جنوبی ایشیاء کی تاریخ کی بد ترین آفت قرار دیا اور کہا کہ ”دنیا میں ہونے والی جنگوں اور دیگر آفات کی طرح اِس سانحے میں بھی سب سے زیادہ نقصان غریبوں کا ہوا ہے۔ اُنھوں نے اپنی جمع پونجی کا کچھ حصہ نہیں بلکہ سب کچھ گنوا دیا ہے۔”

پریس کانفرنس میں عالمی میڈیا کو مخاطب کرتے ہوئے پاکستانی سفیر نے خبردار کیا: ”جو نظر آ رہا ہے، وہ کچھ بھی نہیں۔ ابھی حالات اِس سے کہیں زیادہ خراب ہونے کا اندیشہ ہے۔”

اُنھوں نے تفصیل بتاتے ہوئِے کہا کہ بیشتر لوگ ابھی تک آلودہ پانی پی رہے ہیں، صاف غذا اور ٹینٹوں سے اور طبی سہولیات سے محروم ہیں اور بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔

اِس کے ساتھ ساتھ اُنھوں نے کہا کہ شر پسند عناصر بھی اِس موقعے کو ہاتھ سےجانے نہیں دیں گے کیونکہ وہ پہلے ہی لاہور اور کراچی پر حملے کر چکے ہیں۔ مسٹر ہارون کے مطابق وہ اِن علاقوں میں دوبارہ داخل ہونے کی کوشش کر رہے ہیں جہاں کبھی اُن کا کنٹرول تھا۔

دونوں رہنماؤں نے یہ بھی کہا کہ اِس قدرتی آفت کے دوران نفرتوں کی دیواریں گرا دینی چاہییں اور بھارت اور پاکستان کو مل کر جنوبی ایشیا میں بسنے والے تمام ضرورت مند افراد کی مدد کرنی چاہیے۔

پروفیسر راج موہن گاندھی امریکی شہر شیمپین میں واقع یونیورسٹی آف الینوئے میں پروفیسر ہیں اور خصوصی طور پر اِس اپیل کے لیے نیو یارک آئے تھے۔

اِس ماہ نیو یارک میں اقوام متحدہ کے سالانہ سربراہی اجلاس سے قبل 17تاریخ کو اقوامِ متحدہ کےانسانی معاملات سے متعلق رابطے کے ادارے (اوچا) کی طرف سے پاکستان کے لیے ایک اور اپیل جاری کی جائے گی اور 19ستمبر کو فرینڈز آف ڈیموکریٹک پاکستان اور جی20ممالک کی میٹنگ ہوگی جِس میں سیلاب کی تباہ کاریاں اور اُن سے نمٹنے کےطریقے زیرِ غور آئیں گے۔

XS
SM
MD
LG