رسائی کے لنکس

سوات میں امدادی پروازیں بحال


سوات کے قریب مدین میں لوگ ایک ٹوٹے ہوئے پل پر سے دریا عبور کر رہے ہیں
سوات کے قریب مدین میں لوگ ایک ٹوٹے ہوئے پل پر سے دریا عبور کر رہے ہیں

وادی سوات اور اس سے ملحقہ علاقوں میں تین روز کے وقفے کے بعدامریکی شنوک ہیلی کاپٹروں کے مدد سے امداد ی سرگرمیاں پیر کے روز سے دوبارہ بحال ہو گئی ہیں ۔ موسلادھار بارشوں اور مٹی کے تودے گرنے سے ان علاقوں میں زمینی راستوں اور فضائیہ کی مدد سے سیلاب زدگان کے لیے امدادی کام تعطل کا شکار تھے۔

سوات کے علاقے کالام کے رہائشی رحمت دین نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ شنوک ہیلی کاپٹروں کی مدد سے علاقے میں پھنسے سیاحوں اور دیگر افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے ساتھ ساتھ متاثرہ خاندانوں تک امداد ی سامان بھی پہنچایا گیا۔

اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق امریکی فوجی ہیلی کاپٹروں کے ذریعے 500افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے جبکہ اڑتالیس پزار پاونڈ امدادی سامان بھی متاثرہ علاقوں تک پہنچایا گیا۔

سوات میں امدادی پروازیں بحال
سوات میں امدادی پروازیں بحال

مینگورہ میں سیلاب زدگان کے لیے امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کرنے والے صوبائی وزیر جنگلات واجد علی نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ سیلابی ریلہ سوات میں گذشتہ سوسال کے دوران ہونے والے ترقیاتی اور تعمیراتی کاموں کواپنے ساتھ بہا کر لے گیا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ مینگورہ کی نو یونین کونسلوں میں سے آٹھ بری طرح متاثر ہو ئی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ وادی کی سڑکوں اور پلوں کے بہہ جانے کے بعد سوات کی تحصیلوں کا آپس میں اور دوسرے اضلاع سے زمینی رابطہ کٹ گیا تھا جسے بحا ل کرنے کی کوششیں جاری ہیں ۔ سوات اور پشاور کے درمیان جزوی رابطہ بحال کر دیا گیا ہے۔

کالام سے بحرین تک 45 کلومیٹر طویل سٹرک مکمل طور پر سیلاب میں بہہ گئی ہے اور مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ اُنھوں نے اپنی مدد آپ کے تحت اس اہم شاہراہ کی تعمیر شروع کر رکھی ہے لیکن اس کی مکمل طور پر تعمیر نو حکومت کی مدد کے بغیر ممکن نہیں ۔

XS
SM
MD
LG