رسائی کے لنکس

امدادی سرگرمیوں کے لیے مزید 18امریکی ہیلی کاپٹر بھیجنے کا اعلان


امریکی شنوک ہیلی کاپٹر کے ذریعے متاثرہ علاقوں میں امداد پہنچائی جارہی ہے
امریکی شنوک ہیلی کاپٹر کے ذریعے متاثرہ علاقوں میں امداد پہنچائی جارہی ہے

امریکہ نے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے لیے مزید 18ہیلی کاپٹر بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔

ہفتے کو اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے سے جاری ہونے والے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ دس شنوک اور آٹھ بلیک ہاک ہیلی کاپٹر ستمبر کے وسط سے پاکستانی فوج کے ساتھ مل کر کام شروع کردیں گے ۔ ان ہیلی کاپٹروں کی فراہمی سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے امریکہ کی بڑھتی ہوئی امداد کا حصہ ہے۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ہفتے کو امریکی فضائیہ کے 40اہلکار امدادی سرگرمیوں میں مدد دینے کے لیے پاکستان پہنچ گئے ہیں جو چکلالہ کے ہوائی اڈے پر امدادی سامان کی ترسیل کے کاموں میں ہاتھ بٹائیں گے۔ یہ افراد 2005ء کے زلزلے کے بعد بھی اس طرح کی مدد فراہم کرنے کے لیے پاکستان آئے تھے ۔

بیان کے مطابق امریکہ کی طرف سے بھیجے گئے 15فوجی ہیلی کاپٹر اور تین C-130جہاز پہلے ہی سیلاب زدگان کو امداد پہنچانے میں مصروف ہیں ۔اس فضائی بیڑے کے ذریعے اب تک سات ہزار سے زائد لوگوں کو بچانے کے علاوہ متاثرین میں 20لاکھ ٹن سے زائد امدادی سامان بھی تقسیم کیاجا چکا ہے۔

XS
SM
MD
LG