رسائی کے لنکس

امریکی محکمہ خارجہ کا بیان حقائق کے منافی، پاکستانی وزارت خارجہ


پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیو کی فون پر پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ بات چیت کے حوالے سے امریکی محکمہ خارجہ کا بیان حقائق کے منافی ہے اور بات چیت میں امریکی وزیر خارجہ پومپیو نے پاکستان میں مبینہ طور پر فعال دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی کا کوئی مطالبہ نہیں کیا۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیدر نیوئٹ سے منسوب ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ عمران خان کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران امریکی وزیر خارجہ پومپیو نے پاکستان میں فعال دہشت گرد گروپوں اور افغانستان میں امن کی کوششوں کو فروغ دینے کیلئے پاکستان کے کردار کی اہمیت پر زور دیا۔

تاہم پاکستانی محکمہ خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گفتگو کے دوران پاکستان میں دہشت گردوں کی کارروائیوں کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی اور یوں امریکی محکمہ خارجہ کا بیان حقائق سے یکسر عاری ہے۔

توقع ہے کہ امریکی وزیر خارجہ 5 ستمبر کو مختصر سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے جہاں وزیر اعظم عمران خان اور اپنے پاکستانی ہم منصب سے اُن کی ملاقاتوں کے دوران دو اہم اُمور پر بات چیت متوقع ہے جن میں پاکستان امریکہ تعلقات کی بحالی کے اقدامات اور افغان امن کوششوں کو فروغ دینا شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG