رسائی کے لنکس

امریکہ سمیت علاقائی ملکوں کے ساتھ تعلقات میں بہتری آئی: کھر


پاکستانی وزیرخارجہ حنا ربانی کھر نے کہا کہ وہ امریکہ کو پاکستان کا ایک دوست تصور کرتی ہیں اور واشنگٹن اسلام آباد کے مفادات سے آگاہ ہے۔

پاکستان کی وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ ان کے ملک کا پائپ لائن منصوبہ کسی بھی ملک کے خلاف نہیں اور امریکہ سمیت علاقائی ملکوں سے پاکستان کے سفارتی تعلقات میں بہتری آئی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعرات کو دفتر خارجہ میں اپنی الوداعی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیرخارجہ نے گزشتہ پانچ سالوں کے دوران اپنی حکومت کی خارجہ پالیسی کے اہم نکات بتاتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دور اقتدار میں پڑوسی ممالک بشمول بھارت اور افغانستان سے تعلقات میں بہتری کے ساتھ ساتھ اہم عالمی طاقتوں خاص طورپر امریکہ سے دوطرفہ روابط میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔

حنا ربانی کھر نے ایران سے گیس درآمد کرنے کے منصوبے کے بارے میں امریکہ کے تحفظات پر پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ توانائی کے حصول کا یہ منصوبہ کسی ملک کے خلاف نہیں بلکہ پاکستان کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے شروع کیا گیا ہے۔

وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا کہ اُنھیں کوئی اس بات پر قائل نہیں کر سکتا ہے کہ پاکستان کو گیس کی درآمد کے سستے اور تیز ترین منصوبے پر عمل نہیں کرنا چاہیئے۔

اُنھوں کہا کہ وہ امریکہ کو پاکستان کا ایک دوست تصور کرتی ہیں اور واشنگٹن اسلام آباد کے مفادات سے آگاہ ہے۔

حنا ربانی کھر نے کہا کہ امریکہ اور پاکستان کے تعلقات میں مکمل یکسوئی ہے۔ اُنھوں نے اس تاثر کو رد کیا کہ دونوں ممالک کے تعلقات میں مکمل ہم آہنگی نہیں ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ افغانستان کے مستقبل کے بارے میں بھی اسلام آباد اور واشنگٹن کا لائحہ عمل ایک ہے۔ حنا ربانی کھر نے کہا کہ کابل کے ساتھ اچھے تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا مرکزی نکتہ رہے ہیں اور اُن کے بقول حالیہ برسوں میں دونوں پڑوسی ممالک کے روابط میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

پڑوسی ملک بھارت کا ذکر کرتے ہوئے حنا ربانی کھر نے کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے کئی سطحوں پر مذاکرات کیے گئے اور تجارت و سفری روابط بڑھانے کے سلسلے میں نمایاں پیش رفت بھی ہوئی ہے۔
XS
SM
MD
LG