رسائی کے لنکس

تعلیمی شعبے میں تعاون پاک امریکہ تعلقات میں کلیدی اہمیت کا حامل


وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی پاک امریکہ فل برائیٹ سکالر شپ پروگرام ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے
وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی پاک امریکہ فل برائیٹ سکالر شپ پروگرام ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے

بدھ کے روز اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں امریکہ میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے 157طالب علموں کو رخصت کرتے ہوئے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ امریکہ نے ہمیشہ پاکستان کے عوام کی ترقی میں مدد فراہم کی ہے اور فل برائیٹ کے تعلیمی پروگرام نے دو طرفہ تعلقات کو وسعت بخشنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

وزیراعظم گیلانی نے کہا کہ یہ پروگرام تعلیمی فوائد کے ساتھ ساتھ پاکستان اور امریکہ کے درمیان بین المذاہب ہم آہنگی، برداشت اور امن کے جذبات کو فروغ دینے کا ذریعہ بھی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ پاکستان کو عالمی معیارکے مطابق جدید تحقیقی صلاحیت حاصل کرنے میں بھی مدد دے رہا ہے۔

تقریب سے اپنے خطاب میں امریکی سفیر این پیٹرسن نے کہا کہ امریکہ تمام پاکستانیوں کی اعلیٰ تعلیم کے حصول تک رسائی کو یقینی بنانے کے عزم پر قائم ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان میں تعلیم کے فروغ کے لیے امریکہ نو لاکھ سے زائد بچوں کو حصول تعلیم میں معاونت کے ساتھ ساتھ ایک لاکھ کتابیں اور دیگر تعلیمی مواد بھی مختلف سکولوں کی لائبریریوں کو عطیہ کررہا ہے۔

امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ ان کا ملک دوسرے شعبوں کی طرح اس شعبے میں بھی اپنا تعاون جاری رکھے گا۔

دونوں ملکوں کی طرف سے مشترکہ طور پر 15کروڑ ڈالر لاگت کا یہ پروگرام دنیا کا سب سے بڑا فل برائیٹ سکالر شپ پروگرام ہے جس کا ہدف پانچ سال کے عرصے میں 265پی ایچ ڈی اور 500ایم اے پاس افراد پیدا کرنا ہے۔

XS
SM
MD
LG