رسائی کے لنکس

گلگت: کوہ پیماؤں پر حملے کا ملزم جیل سے فرار، ساتھی ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

گلگت کی ضلعی جیل سے چار قیدیوں نے فرار ہونے کی کوشش کی اور اس دوران پولیس کی کارروائی سے ایک قیدی ہلاک اور ایک شدید زخمی ہو گیا جبکہ دو قیدی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

پاکستان کے شمالی علاقے گلگت بلتستان میں حکام کے مطابق جمعہ کو طلوع آفتاب سے قبل گلگت کی ضلعی جیل سے چار قیدیوں نے فرار ہونے کی کوشش کی اور اس دوران پولیس کی کارروائی سے ایک قیدی ہلاک اور ایک شدید زخمی ہو گیا جبکہ دو قیدی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

گلگت بلتستان کے سیکرٹر ی داخلہ سبطین احمد نے وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جیل سے فرار ہونے والے چار قیدیوں میں سے دو وہ تھے جو جون 2013ء میں نانگا پربت کے حملے میں ملوث تھے تاہم ان میں سے ایک ملزم ہلاک ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ طلوع آفتاب سے قبل تین بجے ان قیدیوں نے گلگت جیل سے فرار ہونے کی کوشش کی۔

حکام کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے دو قیدیوں کی گرفتاری کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھر پور سکیورٹی آپریشن شروع کر دیا ہے جس میں مقامی فورسز کو فوج کی معاونت بھی حاصل ہے۔

جون 2013ء میں پاکستان کی دوسری بلند چوٹی نانگا پربت کے بیس کیمپ پر شدت پسندوں نے حملہ کر کے غیر ملکی سیاحوں سمیت کم ازکم 11 افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔

علاقائی انتظامیہ نے اس واقعہ کی تحقیقات کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی بھی قائم کر دی ہے جو آئندہ 48 گھنٹوں میں اپنی ابتدائی رپورٹ گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ کو پیش کرے گی۔

حکام کے مطابق گلگت جیل میں 102 قیدی ہیں جن میں 20 دہشت گردی کے مقدمات میں ملوث ہیں۔

پاکستان کے شمالی علاقوں میں دنیا کی کئی بلند ترین چوٹیاں موجود ہیں جن کو سر کرنے کے لیے ہر سال کئی غیر ملکی کوہ پیما ان علاقوں کا رخ کرتے ہیں یہ علاقہ ملک کے دیگر حصوں کی نسبت قدرے پرامن تصور کیا جاتا تھا لیکن حالیہ برسوں میں یہاں بھی پرتشدد واقعات دیکھنے میں آ چکے ہیں۔

حال ہی میں گلگت بلتستان کی پولیس نے ایک خصوصی فورس بھی تشکیل دی ہے جس کامقصد غیر ملکی کوہ پیماؤں کے لیے سکیورٹی کے ماحول کو بہتر کرنا ہے۔

XS
SM
MD
LG