رسائی کے لنکس

وزیراعظم جلد حکومت کی حکمت عملی کا اعلان کریں گے: سعد رفیق


وفاقی وزیر برائے ریلوے خواجہ سعد رفیق
وفاقی وزیر برائے ریلوے خواجہ سعد رفیق

تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے دھرنے جاری ہیں جب کہ یہ دونوں جماعتیں ملک کے مختلف شہروں میں جلسے بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔

پاکستان میں حکومت مخالف احتجاج کرنے والی جماعتوں تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے دھرنے اور احتجاج بدستور جاری ہے اور گزشتہ کئی ہفتوں سے جاری یہ سیاسی بحران بظاہر ختم ہوتا نظر نہیں آتا۔

اگرچہ حکومت کی طرف سے اس تمام تر صورت حال سے نمٹنے کے حوالے سے کسی واضح حکمت عملی کا اعلان تو نہیں کیا گیا تاہم پیر کو وفاقی وزیر برائے ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اُن کی جماعت اس بارے میں مشاورت کر رہی ہے اور جلد وزیراعظم اس بارے میں قوم کو اعتماد میں لیں گے۔

’’وزیراعظم پاکستان بہت جلد، بہت جلد قوم سے خطاب کر کے اپنی حکومت کے اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ ہماری تھنک ٹینک، ہمارے دانشور، کام کر رہے ہیں۔‘‘

خواجہ سعد رفیق نے اس بارے میں مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔ تاحال یہ بھی واضح نہیں کہ وزیراعظم اپنی حکومت کی حکمت عملی کا اعلان کب کریں گے۔

اُدھر اسلام آباد میں تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے دھرنے جاری ہیں جب کہ یہ دونوں جماعتیں ملک کے مختلف شہروں میں جلسے بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔

حکومت مخالف دھرنے میں شامل عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری نے پیر کو اپنی اتحادی جماعتوں سے مشاورت کی، جس کے بعد بتایا گیا کہ منگل کو آئندہ کی حکمت عملی کا اعلان کیا جائے گا۔

وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید نے بھی اپنے ایک تازہ بیان میں کہا کہ تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے دھرنوں سے ملک کی ترقی کے عمل میں رخنا پڑا ہے۔

عمران خان مئی 2013ء کے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے الزامات لگا کر وزیراعظم نواز شریف کے استعفیٰ کا مطالبہ کر رہے ہیں جب کہ طاہر القادری صرف حکومت نہیں بلکہ نظام کا خاتمہ چاہتے ہیں۔

پارلیمان میں بیشتر جماعتیں احتجاج اور دھرنوں کے ذریعے وزیراعظم نواز شریف کے استعفیٰ کے مطالبے کی مخالفت کر چکی ہیں۔

XS
SM
MD
LG