رسائی کے لنکس

نلتر سے میتیں اسلام آباد منتقل، ملک میں یوم سوگ


جنوبی افریقہ کے ہائی کمشنر ایم کومالو بھی حادثے کا شکار ہونے والے ہیلی کاپٹر پر سوار تھے اور معجزانہ طور پر انھیں خراش تک نہیں آئی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک حادثہ تھا جو کہ دنیا میں کہیں بھی کسی کو بھی پیش آسکتا ہے۔

شمالی پاکستان میں ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہونے والے غیرملکیوں کی میتیں ہفتہ کی صبح اسلام آباد پہنچا دی گئیں جب کہ اس واقعے پر ملک میں ایک روزہ قومی سوگ منایا گیا۔

گلگت بلتستان کے علاقے نلتر میں جمعہ کو ایک فوجی ہیلی کاپٹر فنی خرابی کے باعث ہنگامی طور پر اترتے ہوئے تباہ ہو گیا تھا اور اس پر سوار ناورے اور فلپائن کے سفرا، انڈونیشیا اور ملائیشیا کے سفیروں کی بیگمات، ہیلی کاپٹر کے دونوں فوجی پائلٹ اور عملے کا ایک رکن ہلاک ہو گئے تھے۔

اپنے ملکوں کے قومی پرچوں میں لپٹے تابوت جب نورخان ایئر بیس پر پہنچائے گئے تو میتوں کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ وصول کیا گیا اور گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

اس موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ طارق فاطمی، سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چودھری سمیت غیر ملکی سفارتخانوں کے عہدیداروں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔

اعزاز چودھری نے سرکاری میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ہلاک ہونے والوں کی میتوں کو ان کے ملک بھجوانے کے لیے وہ ان سے رابطے میں ہیں اور انھیں خصوصی پروازوں کے ذریعے ان کے متعلقہ ملکوں کو روانہ کیا جائے گا۔

تباہ ہونے والا ہیلی کاپٹر غیر ملکی سفیروں اور دیگر مہمانوں کو لے کر گلگت سے نلتر جا رہا تھا کہ اترتے ہوئے حادثے کا شکار ہوا۔ اس پر 17 افراد سوار تھے اور زخمی ہونے والوں میں نیدرلینڈ اور پولیند کے سفیر بھی شامل ہیں۔

ہفتہ کو حادثے کے تمام زخمیوں کو بھی اسلام آباد منتقل کر دیا گیا۔

جنوبی افریقہ کے ہائی کمشنر ایم کومالو بھی حادثے کا شکار ہونے والے ہیلی کاپٹر پر سوار تھے اور معجزانہ طور پر انھیں خراش تک نہیں آئی۔

سرکاری ٹی وی سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک حادثہ تھا جو کہ دنیا میں کہیں بھی کسی کو بھی پیش آسکتا ہے۔

"پرواز کے دوران بڑا ارتعاش پیدا ہوا اور پھر ہیلی کاپٹر نے گھومنا شروع کر دیا پھر یہ تھوڑا بلند ہوا اور پھر اچانک نیچے گر گیا، مجھے نہیں معلوم کہ کیا ہوا۔"

ادھر وزیراعظم نواز شریف نے ہفتہ کو ملائیشیا کے وزیراعظم نجیب رزاق سے فون پر بات کی اور اس حادثے میں ان کے سفیر کی اہلیہ کی موت پر افسوس کا اظہار کیا۔

ہفتہ کو پاکستان میں ایک روزہ قومی سوگ منایا گیا۔ تمام سرکاری عمارتوں، بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں اور مشنز میں قومی پرچم سرنگوں رہا۔

XS
SM
MD
LG