رسائی کے لنکس

پاکستانی ہر چیلنج کا مقابلہ کرنا جانتے ہیں: ہلیری کلنٹن


امریکی وزیرِ خارجہ ہلیری کلنٹن نے کہا ہے کہ پاکستان کے لوگ حوصلہ مند ہیں اور اُنھوں نے ہمیشہ ہرچیلنج کا کامیابی سے مقابلہ کیا ہے۔

اُنھوں نے یہ بات پاکستان کے یومِ آزادی کے موقعے پر جاری کیے گئے اپنے بیان میں کہی ۔اُنھوں نے کہا کہ، صدر اوباما اور امریکی عوام کی طرف سےپاکستان کے 63ویں یومِ آزادی کے موقعے پر، نیک خواہشات اور مبارکباد کا پیغام بھیجتے ہوئے اُنھیں خوشی محسوس ہو رہی ہے۔

ہلیری کلنٹن نے محترمہ فاطمہ جناح کا حوالہ دیا، جنھوں نے ایک بار کہا تھا کہ پاکستان کی کہانی دراصل مساوات ، اخوت اور سماجی و معاشی انصاف کے نصب العین کی کہانی ہے۔ ہلیری کلنٹن نے کہا کہ 1947ء میں آزادی کے حصول سے لے کر پاکستان کے لوگ یہ کہانی رقم کرتے آئے ہیں۔ اُن کے بقول،پاکستانیوں نے مل کر اہم چیلنجوں کا مقابلہ کیا ہے۔

حالیہ سیلاب کا حوالہ دیتے ہوئے، اُنھوں نے کہا کہ صرف گذشتہ چند ہفتوں کے دوران پاکستانی اور متعدد ممالک سے تعلق رکھنے والے پارٹنرز، ملک کے کئی علاقوں میں درپیش آنے والی سیلابی صورتِ حال سے نبرد آزما ہونے میں لوگوں اور اُن کے گھروں کو بچانے کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔ ‘یہ شدید نوعیت کا نقصان ہے، لیکن مجھے معلوم ہے کہ پاکستان اِس صورتِ حال سے کامیابی سےباہر نکل آئے گا۔’

اُنھوں نے کہا کہ پاکستانی لوگ اُس کہانی کو رقم کرتے رہیں گے جس کا آغاز 63برس قبل ہوا تھا۔ ہلیری کلنٹن نے کہا کہ یہ بات عیاں ہےکہ امریکی لوگ پاکستانی عوام کا ساتھ دینے کا عزم رکھتے ہیں۔

اُنھوں نے دونوں ملکوں کے مابین مشترک پارٹنرشپ ، دونوں ملکوں کے لوگوں کوجوڑنے والےمضبوط بندھن --- جیسے خاندان ، دوستی، تاریخ اور مشترکہ نصب العین ، کا ذکر کیا۔

اُنھوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ مساوات، اخوت اور سماجی و معاشی انصاف کے اقدار جو پاکستان کی تشکیل کا باعث تھے اُن کی تعبیر کی جائے، جو اقدار ہم سب کو عزیز ہیں۔ جوں جوں آپ ملک کو مضبوط، خوشحال، ترقی پسند، مستحکم، اور اس کے مستقبل کو محفوظ بنانے کی جستجو کررہے ہیں، یہ تصورات حوصلے کا باعث ہیں۔

ہلری کلنٹن نے کہا کہ پاکستان کی جمہوریت اور عوام اِس بات کے حقدار ہیں کہ ان کی تعمیرنو میں مدد دی جائے، انہوں نے اِس ضمن میں اعانت کا یقین دلایا۔

XS
SM
MD
LG