رسائی کے لنکس

عمران خان کی صحت بہتر ہو رہی ہے: ڈاکٹر


شوکت خانم اسپتال کے باہر لوگ پھول اور دعائیہ پیغامات والے کارڈز رکھ رہے ہیں۔
شوکت خانم اسپتال کے باہر لوگ پھول اور دعائیہ پیغامات والے کارڈز رکھ رہے ہیں۔

شوکت خانم اسپتال کے چیف ایگزیکٹو افسر ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتایا کہ علاج کرنے والے ڈاکٹروں کی ٹیم ’’اُن کی صحت یابی کے عمل‘‘ سے مطمیئن ہے اور اچھی خبر یہ ہے عمران خان کی ریڑھ کی ہڈی محفوظ ہے اور اُن کے جسم کے تمام اعضاء حرکت کر رہے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے بارے میں ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اُن کی صحت میں بتدریج بہتری آ رہی ہے لیکن اُنھیں مکمل آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔

شوکت خانم اسپتال کے چیف ایگزیکٹو افسر ڈاکٹر فیصل سلطان نے بدھ کو ایک نیوز کانفرنس میں بتایا کہ عمران خان کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں کی ٹیم ’’اُن کی صحت یابی کے عمل‘‘ سے مطمیئن ہے۔

ڈاکٹر فیصل نے بتایا کہ اچھی خبر یہ ہے عمران خان کی ریڑھ کی ہڈی محفوظ ہے اور اُن کے جسم کے تمام اعضاء حرکت کر رہے ہیں۔

اُنھوں نے بتایا کہ عمران خان کی ’’کھوپڑی‘‘ میں کوئی فریکچر نہیں البتہ اُن کی ایک پسلی میں فریکچر ہے جب کہ سر پر بھی زخم آئے ہیں۔

شوکت خانم اسپتال کے ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ اس وقت ڈاکٹروں کی پہلی ترجیح عمران کا علاج ہے اس لیے اُن سے ملاقات پر پابندی لگائی گئی ہے۔

ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ ’’عمران خان اگر کسی ریلی سے خطاب کرنے کی خواہش رکھتے ہیں تو یہ اُن کی اپنا فیصلہ ہو گا، لیکن ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ اُن کا علاج کرنے والی ٹیم اس بات کی اجازت دے۔‘‘

اُنھوں نے بتایا کہ شوکت خانم اسپتال کے سینیئر ڈاکٹروں کی ٹیم عمران خان کا علاج کر رہی ہے جبکہ پاکستانی فوج کی ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے بھی اسپتال آ کر تحریک انصاف کے چیئرمین کا معائنہ کیا۔

عمران خان سے اُن کی جماعت کے کچھ رہنماؤں نے بدھ کو اسپتال میں ملاقات کی۔

جب کہ تحریک انصاف کے کارکنوں کی ایک بڑی تعداد جمعرات کو بھی شوکت خانم اسپتال کے باہر جمع ہوئی اور اُنھوں نے ایک مقام پر اپنے رہنماء کی صحت یابی اور اُن کے لیے نیک خواہشات کے پیغام بھی چسپاں کیے اور پھولوں کے گلدستے رکھے۔

تحریک انصاف کے چیئرمین منگل کی شام لاہور میں ایک جلسے کے دوران اسٹیج پر چڑھتے وقت لفٹر سے گر کر زخمی ہو گئے تھے۔ عمران خان کے سر اور کمر پر چوٹیں آئیں۔

اسپتال سے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں عمران خان نے عوام سے کہا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ 11 مئی کو اپنی تقدیر بدلنے کی ذمہ داری خود لیں۔ ’’لوگ نظریے کو ووٹ دیں۔‘‘
XS
SM
MD
LG