رسائی کے لنکس

شادی سے متعلق 'اسی ہفتے' خوشخبری دوں گا: عمران خان


تحریک انصاف کے سربراہ کا کہنا تھا کہ وہ اپنے بچوں سے ملاقات کرنے تک اپنی شادی سے متعلق کوئی اعلان نہیں کرنا چاہتے تھے۔

پاکستان تحریک انصاف کے قائد اور سابق کرکٹ اسٹار عمران خان نے کہا ہے کہ "شادی کرنا جرم نہیں" اور وہ جلد ہی اس بارے میں باضابطہ طور پر خوشخبری سنائیں گے۔

حالیہ دنوں میں ذرائع ابلاغ کی طرف سے عمران خان کی ایک پاکستانی خاتون صحافی ریحام خان سے مبینہ شادی کے انکشاف کے بعد یہ معاملہ نہ صرف پاکستانی میڈیا پر چھایا رہا بلکہ سوشل میڈیا پر اس کا خاصا چرچا ہوتا رہا ہے۔

منگل کو اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس کے دوران شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر عمران خان نے واضح طور پر اس خبر کی نہ تو تصدیق کی اور نہ ہی تردید، لیکن ان کا کہنا تھا کہ وہ جلد اس بارے میں خوشخبری سنائیں گے۔

"جب پہلی شادی سے آپ کے بچے ہوں تو وہ آپ کی ترجیح ہوتے ہیں۔۔۔۔(اپنی شادی کے ختم ہونے کے بعد) دس سال تک میں نے شادی کے بارے میں نہیں سوچا تھا کیونکہ میں اپنے بچوں کو تکلیف نہیں دینا چاہتا تھا۔ جب تک میں اپنے بچوں سے بات نہ کر لیتا میں اس بارے میں کوئی اعلان نہیں کرنا چاہتا تھا۔"

ان کے بقول اپنے بیٹوں سے ملاقات ہونے کے بعد اب وہ "اسی ہفتے" خوشخبری سنائیں گے۔

شائع شدہ اطلاعات کے مطابق 62 سالہ عمران خان اور 41 سالہ ریحام خان کی شادی گزشتہ ماہ ہوئی تھی۔ تاہم اس کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

عمران خان اور ان پہلی اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ کی طلاق 2004ء میں ہوئی تھی۔ اس شادی سے عمران کے دو بیٹے ہیں۔

ریحام خان کے برطانوی نشریاتی ادارے سے وابستہ رہ چکی ہیں جب کہ گزشتہ دو سالوں سے وہ پاکستانی میڈیا کے ساتھ منسلک ہیں۔ ان کی بھی پہلی شادی ختم ہو چکی ہے اور وہ تین بچوں کی ماں ہیں۔

XS
SM
MD
LG