رسائی کے لنکس

قبائلی اضلاع کا نیا نظام مقامی روایات سے ہم آہنگ ہو گا، عمران خان


فائل فوٹو
فائل فوٹو

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قبائلی علاقوں کے صوبہ خیبر پختونخوا میں انضمام کے بعد قبائلیوں کی روایات کو برقرار رکھا جائے گا اور حکومت کی کوشش ہو گی کہ بنیادی ضرورتوں سے محروم لوگوں کو ترقی، تعلیم اور دیگر سہولتیں فراہم کر کے انہیں ملک کے ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لائے جائے۔

عمران خان نے ان خیالات کا اظہار پشاور کے ایک روزہ دورے کے موقع پر گورنر ہاؤس میں ضلع خیبر سے تعلق رکھنے والے عمائدین سے اپنی تقریر کے دوران کیا۔

قبائلی جرگہ سے ملاقات کے دوران عمران خان کا کہنا تھا کہ قبائلی اضلاع کا نیا نظام قبائلیوں کے رہن سہن اور روایات سے متصادم نہیں ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش یہ ہے کہ نئے نظام سے قبائلی روایات اور طرز زندگی زیادہ متاثر نہ ہو۔ قبائلیوں کے مسائل قبائلی عوام کی مشاورت سے ہی حل ہوں گے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ قبائلیوں نے دہشت گردی اور نقل مکانی سمیت بہت قربانیاں دی ہیں جسے نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان کے پشاور میں مختصر قیام کے دوران صوبائی کابینہ سے ملاقات اور شوکت خانم اسپتال کی فنڈریزنگ کی تقریب میں شرکت بھی شامل تھی۔

XS
SM
MD
LG