رسائی کے لنکس

پاک بھارت مشیروں کی نہ ہونے والی ملاقات سے اقوام متحدہ کو آگاہ کیا: پاکستان


فائل فوٹو
فائل فوٹو

جمعرات کو اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ میں دفتر خارجہ کے ترجمان قاضی خلیل اللہ نے کہا کہ پاکستان اپنے تحفظات سے اقوام متحدہ کو آگاہ کرتا رہتا ہے تاکہ اسے مختلف امور پر اپنے نقطہ نظر سے باخبر رکھا جا سکے۔

پاکستان نے کہا ہے کہ اس نے پڑوسی ملک بھارت کے ساتھ قومی سلامتی کے مشیروں کی طے شدہ ملاقات وقوع پذیر نہ ہونے کے بارے میں اقوام متحدہ کو اپنے موقف سے آگاہ کر دیا ہے جب کہ کشمیر کے مسئلے کو بھی وہ اقوام متحدہ سمیت تمام متعلقہ فورمز پر اٹھاتا آ رہا ہے۔

جمعرات کو اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ میں دفتر خارجہ کے ترجمان قاضی خلیل اللہ نے کہا کہ پاکستان اپنے تحفظات سے اقوام متحدہ کو آگاہ کرتا رہتا ہے تاکہ اسے مختلف امور پر اپنے نقطہ نظر سے باخبر رکھا جا سکے۔

"ہم وقتاً فوقتاً اقوام متحدہ کو اپنے تحفظات سے آگاہ کرتے رہتے ہیں اور جی ہاں ذرائع ابلاغ میں جو خبریں آئی ہیں کہ ہماری مستقل مندوب (ملیحہ لودھی) نے اقوام متحدہ کے حکام کو پاک بھارت قومی سلامتی کے مشیروں کی ملاقات نہ ہونے سے متعلق بھی آگاہ کیا ہے۔"

گزشتہ ہفتے دونوں ملکوں کے قومی سلامتی کے مشیروں کی ملاقات نئی دہلی میں ہونا تھی لیکن پاکستان کی طرف سے بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے علیحدگی پسند رہنماؤں کو اس کے بقول حسب روایت ہائی کمیشن میں مدعو کیا گیا جسے بھارت نے نامناسب قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس تناظر میں ملاقات نہیں ہو سکتی۔

پاکستان نے اس بھارتی موقف کو مشیروں کی ملاقات کے لیے پیشگی شرط قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی صورت میں ہونے والی ملاقات کا کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔

اعلیٰ عہدیداروں کی مجوزہ ملاقات کو دونوں ہمسایہ ایٹمی قوتوں کے تعلقات میں حالیہ مہینوں میں در آئے تناؤ میں کسی حد تک کمی کے لیے ایک کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا تھا لیکن اس کی منسوخی کے بعد ایک بار پھر روایتی حریفوں کے درمیان بیان بازی اور دشنام ترازی کا سلسلہ برقرار ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان قاضی خلیل اللہ کا کہنا تھا کہ مختلف ملکوں میں پاکستانی سفیروں نے بھی اپنے اپنے میزبان ملکوں کو پاک بھارت قومی سلامتی کے مشیروں کی نہ ہو سکنے والی ملاقات پر اپنے ملک کے موقف سے آگاہ کیا ہے۔

"ہم اپنے سفارتی مشنز سے کہتے رہتے ہیں کہ وہ اپنی میزبان حکومتوں کو مختلف ممالک بشمول بھارت کے ساتھ ہمارے تعلقات کی نوعیت کے بارے میں آگاہ کرتے رہا کریں تاکہ انھیں ہمارے موقف کا اندازہ ہو۔"

کشمیر دونوں ملکوں کے درمیان روز اول ہی سے متنازع چلا آرہا ہے۔ دونوں ملک باہمی تنازعات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی خواہش کا اظہار تو کرتے آ رہے ہیں لیکن مذاکرات میں سرفہرست کیا ہوگا اس پر دونوں کے اختلافات کی وجہ سے تاحال کوئی مثبت پیش رفت نہیں ہوسکی ہے۔

XS
SM
MD
LG