رسائی کے لنکس

ہریانہ میں احتجاج کے باعث لاہور نئی دہلی بس، ٹرین سروس معطل


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان ٹورزم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے لاہور میں مینیجر ریٹائرڈ کرنل خالد نے کہا کہ وہاں صورتحال میں بہتری آئی ہے جس کے بعد بھارت نے بدھ سے بس سروس بحال کرنے کی کلیئرنس دے دی ہے۔

بھارتی حکام کی درخواست پر لاہور سے نئی دہلی دوستی بس سروس اور سمجھوتا ایکسپریس ریل سروس کو عارضی طور معطل کر دیا گیا ہے۔

پاکستان ٹورزم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے لاہور میں مینیجر ریٹائرڈ کرنل خالد نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں بتایا کہ بھارتی حکام نے ریاست ہریانہ میں احتجاج کے باعث ان سے درخواست کی تھی کہ وہ پیر کو بس نہ چلائیں۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ اب صورتحال میں بہتری کے بعد بھارت نے بدھ سے بس سروس بحال کرنے کی ’کلیئرنس‘ دے دی ہے۔

دوستی بس سروس ماسوائے اتوار کے روزانہ لاہور سے نئی دہلی اور وہاں سے لاہور سفر کرتی ہے۔

اُدھر پاکستان کے سرکاری میڈیا کے مطابق دوستی بس اور سمجھوتہ ایکسپریس ٹرین سروس کی معطلی کے بعد دونوں جانب رکھے مسافروں کی اُن کے ممالک جلد منتقلی سے متعلق بھی پاکستان اور بھارت کے عہدیدار ایک دوسرے رابطے ہیں۔

وزارت خارجہ کے مطابق نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی مدد کے لیے بھارتی حکام سے رابطے میں ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے کہا ہے کہ اس وقت سمجھوتہ ایکسپریس ٹرین اور دوستی بس سروس معطل ہیں جس سے بھارت میں موجود ان پاکستانیوں کے لیے مشکلات پیدا ہوئی ہیں جو اپنے ملک واپس آنا چاہتے ہیں۔

اسی طرح بھارتی ہائی کمیشن نے بھی بس اور ٹرین سروس کی معطلی کی وجہ سے پاکستان میں پھنسے بھارتی شہریوں کی مدد کی درخواست کی ہے۔

ایسے پاکستانی اور بھارتی شہری جن کے ویزے کی مدت ختم ہو رہی ہے اُن کے ویزوں کی میعاد میں توسیع کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ بس اور ٹرین سروس کی بحالی کے بعد وہ با آسانی اپنے اپنے ملک جا سکیں۔

بھارتی ریاست ہریانہ میں جاٹ برادری کے پرتشدد احتجاج کے بعد بھارتی حکام نے مسافروں کو امرتسر سے دہلی لے جانے میں معذوری کا اظہار کیا تھا۔

جاٹ برادری تعلیمی اداروں اور ملازمتوں میں کوٹے کے لیے احتجاج کر رہی ہے۔

ریٹائرڈ کرنل خالد نے اتوار کو ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں کہا تھا کہ پیر کو جانے والی بس میں جن 20 مسافروں نے بھارت جانے کے لیے اپنی سیٹیں بک کرائی تھیں انہیں سروس معطل ہونے کے بارے میں اطلاع دے دی گئی ہے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق ادھر پاکستان ریلویز نے بھی بھارتی حکام کی درخواست پر لاہور سے نئی دہلی ٹرین سروس معطل کر دی ہے۔ سمجھوتا ایکسپریس ہفتے میں دو مرتبہ لاہور اور دہلی کے درمیان سفر کرتی ہے۔

گزشتہ برس اکتوبر میں بھی بھارتی ریاست پنجاب میں کسانوں کے احتجاج کے باعث سمجھوتا ایکسپریس کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG