رسائی کے لنکس

پاک بھارت سرحدی کشیدگی، چار ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارت میں سکیورٹی حکام کی طرف سے کہا گیا کہ پاکستانی سکیورٹی اہلکاروں نے لائن آف کنٹرول پر اس کی تقریباً ایک درجن سے زائد سرحدی پوسٹوں پر بلااشتعال فائرنگ کی۔

پاکستان اور بھارت کے سکیورٹی حکام نے ایک دوسرے پر لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر فائربندی کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا ہے جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں دونوں جانب چار افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

پاکستان حکام کی طرف سے کہا گیا کہ بھارتی سرحدی فورسز نے سیالکوٹ کے قریب ورکنگ باؤنڈری پر بلا اشتعال فائرنگ کی جس سے ایک خاتون سمیت دو افراد ہلاک ہوئے۔

سکیورٹی حکام کے بقول اس فائرنگ سے متعدد گھروں کو نقصان پہنچا جب کہ متعدد مویشی بھی اس کی زد میں آکر ہلاک ہوئے۔

پاکستانی سرحد پر مامور رینجرز نے اس فائرنگ پر جوابی کارروائی کی اور فائرنگ کا تبادلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔

ادھر بھارت میں سکیورٹی حکام کی طرف سے کہا گیا کہ پاکستانی سکیورٹی اہلکاروں نے لائن آف کنٹرول پر اس کی تقریباً ایک درجن سے زائد سرحدی پوسٹوں پر بلااشتعال فائرنگ کی۔

خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کو بھارتی نیم فوجی فورسس کے ایک اعلیٰ عہدیدار دھرمیندر پاریک نے بتایا کہ رنبیر سنگھ پورہ ریجن میں تین دیہات بھی اس فائرنگ کی زد میں آئے جہاں دو افراد ہلاک اور سات زخمی ہوئے۔

متنازع علاقے کشمیر کو منقسم کرنے والی عارضی حد بندی "لائن آف کنٹرول" اور سیالکوٹ کے ساتھ ورکنگ باؤنڈری پر دونوں اطراف سے فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہتا ہے لیکن اس میں رواں ماہ تیزی دیکھی گئی ہے۔

پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق رواں ماہ بھارت کی طرف سے 54 سے زائد مرتبہ فائربندی کی خلاف ورزی کی گئی۔

18 اگست کو بھی چاروا سیکٹر میں بھارتی سرحدی فورسز کی فائرنگ سے دو پاکستانی اہلکاروں سمیت تین افراد زخمی ہو گئے تھے۔

دونوں ملکوں کی سیاسی قیادت کی طرف سے حالیہ دنوں میں یہ بیانات بھی سامنے آچکے ہیں وہ دوطرفہ تعلقات میں بہتری چاہتے ہیں۔ لیکن اس کے باوجود سرحد پر فائرنگ کے تبادلے کا سلسلہ بھی ساتھ ساتھ جاری ہے۔

XS
SM
MD
LG