رسائی کے لنکس

لائن آف کنٹرول پر پاک بھارت افواج میں فائرنگ کا تبادلہ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستانی فوج کے مطابق فائرنگ کا یہ سلسلہ اتوار کو علی الصبح تک جاری رہا اور پاکستانی سکیورٹی فورسز کی جوابی فائرنگ کے بعد لائن آف کنٹرول کے دوسری جانب سے گولہ باری و فائرنگ بند ہو گئی۔

پاکستان کی فوج نے کہا ہے کہ کشمیر کو منقسم کرنے والی عارضی حدبندی (لائن آف کنٹرول) پر بھارتی فوج نے "بلا اشتعال" فائرنگ اور گولہ باری کی ہے۔

اتوار کو شعبہ تعلقات عامہ کی طرف سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ہفتہ کو رات دیر گئے مبینہ طور پر بھارتی افواج نے نیزہ پیر سیکٹر میں فائرنگ اور گولہ باری کی۔

پاکستانی فوج کے مطابق فائرنگ کا یہ سلسلہ اتوار کو علی الصبح تک جاری رہا اور پاکستانی سکیورٹی فورسز کی جوابی فائرنگ کے بعد لائن آف کنٹرول کے دوسری جانب سے گولہ باری و فائرنگ بند ہو گئی۔

بھارت کی طرف سے تاحال اس پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا جب کہ پاکستانی فوج کے مطابق اس کے علاقے میں بھارتی فائرنگ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

دونوں ہمسایہ ایٹمی قوتوں کے مابین متنازع علاقے کشمیر کی لائن آف کنٹرول پر 2003ء میں فائر بندی کا معاہدہ ہوا تھا لیکن اس کے باوجود اکثر و بیشتر یہاں فائرنگ کے تبادلے ہوتے رہے ہیں۔

گزشتہ سال فائرنگ و گولہ باری کے تبادلوں میں قابل ذکر اضافہ دیکھا گیا جس میں دونوں جانب جانی و مالی نقصان ہوا تھا اور دونوں ملکوں کے تعلقات مزید تناؤ کا شکار ہو گئے تھے۔

دونوں ملک فائربندی کی خلاف ورزی میں پہل کا الزام ایک دوسرے پر عائد کرتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG