رسائی کے لنکس

پاکستان، بھارت مذاکرات ایک مثبت آغاز: بھارتی اخبارات


ا ُن وسیع تر امور پر جِن پر دونوں فریق مل کر کام کرسکتے ہیں اور جِن پر مثبت پیش رفت ممکن ہے اُنھیں سیکریٹری خارجہ سطح کے مذاکرات کے لیے وقف کردیا گیا ہے اور سلامتی اور سرحد پار کی دہشت گردی جیسے پیچیدہ اور اختلافی موضوعات پر دونوں ممالک کے وزرائے داخلہ کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں تبادلہٴ خیال کیا گیا

بھارت اور پاکستان کے درمیان ہونے والے حالیہ مذاکرات کو ہندوستانی میڈیا نے نہایت امید افزا قرار دیا ہے۔

مشہور انگریزی روزنامے ‘ہندو’ نے اپنے ادارئیے کے آغاز میں ہی یہ واضح کردیا ہے کہ ایسے ہمسایہ ممالک جِن کے تعلقات پیچیدہ ہوں، اُن کے درمیان مذاکرات ہمیشہ جاری رہنے چاہئیں۔

‘ہندو’ کے مطابق بھارتی وزیرِ داخلہ پی چدم برم اور اُن کے پاکستانی ہم منصب، رحمٰن ملک اور بھارتی سیکریٹری خارجہ نیروپما رائے اور اُن کے پاکستانی ہم منصب سلمان بشیر کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔

اخبار لکھتا ہے کہ نیرو پما اور سلمان بشیر 15جولائی کو دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے لیے مستحکم بنیاد رکھنے میں پوری طرح کامیاب رہے ہیں۔ بھارت کے سب سے کثیر الاشاعت اخبار ‘ٹائمز آف انڈیا’ کے ادارئیے کا عنوان ہے ‘ایک اچھی شروعات۔’

اخبار لکھتا ہے کہ اسلام آباد میں دونوٕں ممالک کے درمیان مذاکرات کا جو ماڈل اُبھر کر سامنے آیا ہے وہ کافی حوصلہ افزا ہے۔

اپنے نکتے کی وضاحت کرتے ہوئے، ‘ ٹائمز آف انڈیا’ نے لکھا ہے کہ ا ُن وسیع تر امور پر جِن پر دونوں فریق مل کر کام کرسکتے ہیں اور جِن پر مثبت پیش رفت ممکن ہے اُنھیں سیکریٹری خارجہ سطح کے مذاکرات کے لیے وقف کردیا گیا ہے اور سلامتی اور سرحد پار کی دہشت گردی جیسے پیچیدہ اور اختلافی موضوعات پر دونوں ممالک کے وزرائے داخلہ کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں تبادلہٴ خیال کیا گیا۔

‘ٹائمز آف انڈیا’ نے اِس پیش رفت سے یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ اب متنازع امور مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے مذاکرات کی راہ میں حائل نہیں ہو سکیں گے۔

XS
SM
MD
LG