رسائی کے لنکس

پاکستان بھارتی کشمیر کے عوام کو متحرک کرنے کی استعداد نہیں رکھتا


پاکستانی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی (فائل فوٹو)
پاکستانی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی (فائل فوٹو)

نیو یارک کے معروف تھنک ٹینک کونسل آن فارن ریلیشنز میں منگل کی شام ایک تقریب کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کشمیر میں ہونے والے مظاہرے کشمیری عوام کے جذبات کا اظہار ہیں اور اس بات کا احساس بھارتی حکومت کو بھی ہے۔

پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے مطابق پاکستان کو کشمیر میں پھیلی بد امنی کا ذمہ دار ٹھہرانا بہانے بازی کے مترادف ہے کیونکہ پاکستان کے ہاتھ اتنے لمبے نہیں کہ بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں عورتوں اور بچوں سمیت ہزاروں لوگوں کو مظاہروں کے لیے سڑکوں پر نکال لائے۔

نیو یارک کے معروف تھنک ٹینک کونسل آن فارن ریلیشنز میں منگل کی شام ایک تقریب کے دوران وزیر خارجہ نے کہا کہ کشمیر میں ہونے والے مظاہرے کشمیری عوام کے جذبات کا اظہار ہیں اور اس بات کا احساس بھارتی حکومت کو بھی ہے۔

مسٹر قریشی نے پاکستان اور بھارت کے تعلقات پر ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے پاکستان کے وجود کو تسلیم کر لیا ہے اور دونوں پڑوسی ممالک ایک دوسرے پر فوج کشی نہیں کرنا چاہتے، اس لیے انہیں مل جل کر رہنے کا راستہ ڈھونڈنا ہوگا۔

پاکستان میں سیلاب کے حوالے سے ملنے والی امداد پر ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ پاکستان اس مشکل وقت میں ملنے والی مدد پر شکر گزار ہے لیکن دور رس مدد کے لیے پاکستانی مصنوعات کو امریکی منڈیوں تک آسان رسائی دینے پر غور کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی مصنوعات کی یورپی اور امریکی منڈیوں میں زیادہ سے زیادہ کھپت سے پاکستانی نوجوانوں کے لیے جو مواقع پیدا ہوں گے ان سے شدت پسندی اور دہشت گردی میں کمی واقع ہوگی۔ اس لیے اس معاملے کو محض معاشی نہیں سمجھنا چاہیے بلکہ قومی سلامتی کا معاملہ سمجھنا چاہیے اور سی ایف آر کو اس تجویز کا جائزہ لینا چاہیے۔

مسٹر قریشی نے یہ بھی کہا کہ پاکستان نے امداد میں ملنے والی رقوم کے شفاف استعمال کے لیے نہ صرف پندرہ رکنی کمیشن بنا دیا ہے بلکہ ایک ویب سائٹ پر اس امداد کے استعمال کی تمام تفصیلات درج کی جائیں گی۔

شاہ محمود قریشی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے پینسٹھویں اجلاس میں شرکت کے لیے نیو یارک کے دورے پر ہیں۔

XS
SM
MD
LG