رسائی کے لنکس

بھارت سمجھوتہ ایکسپریس کی تحقیقات سے جلد آگاہ کرے


بھارت سمجھوتہ ایکسپریس کی تحقیقات سے جلد آگاہ کرے
بھارت سمجھوتہ ایکسپریس کی تحقیقات سے جلد آگاہ کرے

پاکستان نے بھارت سے کہا ہے کہ وہ سمجھوتہ ایکسپریس دھماکوں کی تحقیقاتی رپورٹ سے اُسے آگاہ کرے۔ دفتر خارجہ سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق پیر کو جنوبی ایشیا کے لیے ڈائریکٹر جنرل افراسیاب نے بھارت کے قائم مقام ڈپٹی ہائی کمشنر جی وی سر ی نواس ’G.V Srinivas‘ کو بلا کر کہا کہ اُن کا ملک فروری 2007ء میں پیش آنے والے اس حادثے کی تحقیقات میں اب تک ہونے والی پیش رفت جاننے کا منتظر ہے۔

بھارت سے مسافروں کو پاکستان لانے والی ٹرین سمجھوتہ ایکسپریس میں 2007ء میں دھماکوں کے بعد آگ بھڑک اٹھی تھی جس سے ساٹھ سے زائدا فراد ہلاک ہوگئے تھے جن میں اکثریت پاکستانی شہریوں کی تھی۔ یہ واقعہ بھارتی سرحد کے اندر پیش آیا تھا اور پاکستان دھماکے میں ملوث افرا کو سزا دلوانے کا مطالبہ کرتا آیا ہے ۔

پاکستان کی طرف سے بھارتی ہائی کمیشن کے ایک اعلیٰ عہدیدار کو دفتر خارجہ بلا کر سمجھوتہ ایکسپریس کی تحقیقاتی رپورٹ فراہم کرنے کا مطالبہ ایسے وقت کیا گیا ہے جب حال ہی میں اعلان کیا گیا ہے کہ دونوں ملکوں کے خارجہ سیکرٹری کے درمیان آئندہ ماہ بھوٹان میں ملاقات ہو گی ۔

بھارت کے وزیرخارجہ ایس ایم کرشنا نے بھی پاکستانی ہم منصب کو بھارت آنے کی دعوت دے رکھی ہے لیکن وزیر خارجہ شاہ محمو د قریشی کا کہنا ہے وہ ”محض تصویر بنوانے“ کے لیے نئی دہلی نہیں جانا چاہتے ۔ اُن کا کہنا ہے کہ اگر دونوں ملکوں کے خارجہ سیکرٹری ملاقات میں کسی جامع ایجنڈے پر اتفاق رائے کر لیتے ہیں تو وہ مذاکرات کے لیے بھارت ضرور جائیں گے۔

دونوں ملکوں کے درمیان ممبئی میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کے بعد جامع امن مذاکرات کا عمل معطل ہے اور پاک بھارت وزرائے اعظم کے علاوہ دونوں ملک کے وزرائے خارجہ اور خارجہ سیکرٹریوں کی متعدد ملاقاتوں کے باوجود مذاکرت کا عمل تاحال بحال نہیں ہوسکا ہے۔

XS
SM
MD
LG