رسائی کے لنکس

کشمیر: غلطی سے سرحد عبور کرنے والی لڑکی بھارت کے حوالے


فائل فوٹو

پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل عاصم باجوہ نے پیر کو سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ’ٹوئٹر‘ پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ 12 سالہ نسرین کو جذبہ خیر سگالی کے طور پر بھارتی حکام کے حوالے کیا۔

پاکستان اور بھارت کے زیرانتظام کشمیر کے علاقوں کو منقسم کرنے والی عارضی حد بندی یعنی ’لائن آف کنٹرول‘ غلطی سے عبور کرنے والی 12 سالہ بھارتی لڑکی نسرین کو چکوٹھی کے مقام پر بھارت کے حوالے کیا گیا۔

پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل عاصم باجوہ نے پیر کو سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ’ٹوئٹر‘ پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ نسرین کو جذبہ خیر سگالی کے طور پر بھارتی حکام کے حوالے کیا۔

بیان میں یہ نہیں بتایا گیا کہ نسرین کب غلطی سے پاکستانی علاقے میں داخل ہوئی، تاہم پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق نسرین 26 دسمبر کو حاجی پیر سیکٹر میں غلطی سے بھارت کے زیر انتظام کشمیر سے لائن آف کنٹرول عبور کر کے پاکستانی کشمیر میں داخل ہوئی تھی۔

رواں سال نومبر میں بھارت کے زیر انتظام کشمیر سے تعلق رکھنے والے 13 سالہ طالب علم منظر حسین بھی غلطی سے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے میں داخل ہو گیا تھا۔ جسے پاکستانی فوج نے چکوٹھی کے اڑی سیکٹر میں بھارت کے عہدیداروں کے حوالے کیا تھا۔

واضح رہے کہ حالیہ مہینوں میں کشمیر ’لائن آف کنٹرول‘ اور ورکنگ باؤنڈری پر پاکستان اور بھارت کی سرحدی افواج کے درمیان فائرنگ اور گولہ باری کے واقعات میں دونوں جانب 20 سے زائد افراد ہلاک ہوئے جن میں اکثریت عام شہریوں کی تھی جب کہ بعض علاقوں سے لوگوں کو نقل مکانی بھی کرنا پڑی۔

XS
SM
MD
LG