رسائی کے لنکس

مزید 16 'جے ایف-17 تھنڈر' طیارے پاکستان فضائیہ کے بیڑے میں شامل


جے ایف ۔ 17 تھنڈر (فائل فوٹو)
جے ایف ۔ 17 تھنڈر (فائل فوٹو)

خواجہ آصف نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ جے ایف 17 تھنڈر طیاروں سے پاکستانی فضائیہ کی عسکری صلاحیت میں کئی گنا اضافہ ہو جائے گا اور اس سے خطے میں طاقت کا توازن قائم کرنے میں مدد ملے گی۔

پاکستان نے چین کے اشتراک سے تیار کیے گئے مزید 16 جے ایف ۔17 تھنڈر طیارے پاکستانی فضائیہ کے بیڑے میں شامل کیے ہیں۔

پاکستان کے سرکاری میڈیا کے مطابق ان طیاروں کو پاکستان ایئر فورس کے 14 اسکوڈرن میں شامل کرنے کی تقریب جمعرات کو کامرہ ایئربیس پر منعقد ہوئی۔

اس موقع پر پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقامی سطح پر دفاعی ساز و سامان کی تیاری ہی ملکی دفاع کو مضبوط کرنے کا واحد ذریعہ ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ جے ایف 17 تھنڈر طیاروں سے پاکستانی فضائیہ کی عسکری صلاحیت میں کئی گنا اضافہ ہو جائے گا اور اس سے خطے میں طاقت کا توازن قائم کرنے میں مدد ملے گی۔

اس موقع پر پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے کہا کہ جے ایف ۔17 تھنڈر لڑاکا طیارے کی صلاحیت کا موازنہ جدید لڑاکا طیاروں سے کیا جا سکتا ہے۔

دفاعی امور کے تجزیہ کار ریٹائرڈ لیفٹینٹ جنرل امجد شعیب نے وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جے ایف-17 تھنڈر دنیا میں بنائے جانے والے دیگر جدید طیاروں کی نسبت سستا ہے اور ان کے بقول یہ پاکستان کی دفاعی شعبے میں خود انحصار ی کے مقصد کے حصول کے لیے بھی اہم ہے۔

" ایف 16 کے مقابلے میں یہ ایک سستا جہاز ہے ۔۔۔اس لحاظ یہ نہایت اہم ہے آپ نے اس رقم میں اگر سولہ ایف 16 لینے ہوں تو اسی پیسے میں آپ 25 جے ایف-17 تھنڈر لے سکتے ہیں تو اس لحاظ سے نہایت اہم ہے آپ زیادہ جہاز لے سکتے ہیں اور اپنی فضائی قوت میں بھی اضافہ کر سکتے ہیں۔"

اس وقت 70 جے ایف ۔ 17 تھنڈر طیارے پہلے ہی سے پاکستان فضائیہ کے زیر استعمال ہیں جو پاکستان کی فضائیہ بیڑے میں پہلی بار 2009 میں شامل کیے گئے تھے اور باور کیا جاتا ہے کہ آنے والوں سالوں میں پاکستان اپنے پرانے طیاروں کی جگہ بھی جے ایف-17 تھنڈر طیاروں کو ہی استعمال میں لائے گا۔

پاکستان اور چین کے اشتراک سے جے ایف ۔ 17 تھنڈر طیاروں کی تیار کا منصوبہ 1990 ء کی دہائی میں چین میں شروع کیا گیا تھا تاہم بعد ازاں دونوں ملکوں کے تعاون سے ان لڑاکا طیاروں کی تیاری پاکستان میں بھی شروع کی گئی۔

پاکستان جے ایف۔ 17 تھنڈر طیارے ناصرف فضائیہ کے دفاعی ضروریات کے لیے استعمال کر رہا ہے بلکہ ملائیشیا سمیت دنیا کے کئی دیگر ملکوں نے بھی اس طیارے کو خریدنے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG