رسائی کے لنکس

دفاعی اداروں کی صلاحیت پر کسی کو شک نہیں ہونا چاہیئے: پرویز رشید


وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید (فائل فوٹو)
وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید (فائل فوٹو)

پاکستان کے روایتی حریف بھارت کی قید میں نوے ہزار پاکستانی فوجی تھے جن سے بین الاقوامی قوانین کے مطابق سلوک روا رکھا گیا اور کسی کی گردن نہیں کاٹی گئی۔

پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے ملک کے دفاعی ادارے ہر طرح کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔

بدھ کو راولپنڈی میں صحافیوں سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ طالبان سکیورٹی اہلکاروں کو ’’وحشیانہ انداز‘‘ میں قتل کر کے فخر سے اس کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں جو کہ کسی طور پر قابل قبول نہیں۔

’’ہماری بھی شکایتیں ہیں، ہمیں بھی جب یہ خبر ملتی ہے کہ ہمارے (سکیورٹی اہلکار) جسم کے حصے ہیں اُن کے ساتھ یہ سلوک کیا گیا ہے تو پاکستانی قوم کو بھی دکھ ہوتا ہے اور لوگ اذیت میں مبتلا ہوتے ہیں۔ تو اُنھیں (طالبان) پہلے ان سوالوں کا جواب دینا چاہیئے بجائے اس کہ وہ (طالبان) دوسرے سوال کریں۔‘‘

اُنھوں کہا کہ کسی کو یہ شک نہیں ہونا چاہیئے کہ ان دہشت گردوں سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے دفاعی اداروں کی صلاحیت کسی طور پر کم ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کے روایتی حریف بھارت کی قید میں نوے ہزار پاکستانی فوجی تھے جن سے بین الاقوامی قوانین کے مطابق سلوک روا رکھا گیا اور کسی کی گردن نہیں کاٹی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ شریعت کے نفاذ کا مطالبہ کرنے والوں کو اس بارے میں بھی سوچنا چاہیئے کہ قیدیوں کے ساتھ سلوک کے بارے میں شریعت میں کیا کہا گیا ہے۔

حکومت نے شدت پسندوں سے مذاکرات کے ذریعے ملک میں قیام امن کی کوششیں شروع کی تھیں لیکن گزشتہ اتوار کو رات دیر گئے قبائلی علاقے مہمند میں طالبان کے ایک کمانڈر عمر خراسانی نے اغوا کیے جانے والے 23 سکیورٹی اہلکاروں کو قتل کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان سکیورٹی اداروں کی تحویل میں موجود ان کے ساتھیوں کے ساتھ ہونے والے مبینہ ناروا سلوک کا ردعمل ہے۔

اس اعلان کے سامنے آنے کے بعد حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کی کوششیں تعطل کا شکار ہو گئیں۔ تاہم شدت پسندوں کی طرف سے بات چیت کے عمل کو جاری رکھنے کا اشارہ تو دیا گیا لیکن حکومت کی نامزد کردہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ طالبان کی طرف سے فائر بندی اور پرتشدد کارروائیوں کو روکنے کی یقین دہانی کے بغیر وہ مصالحتی کوششوں کو جاری رکھنے سے قاصر ہیں۔
XS
SM
MD
LG