رسائی کے لنکس

وزیر اعظم نے کہا ہے کہ وزارت اطلاعات میں آ جائیں: شیخ رشید


پاکستان میں وزارت اطلاعات و نشریات کا وزیر کون ہوگا؟ اس حوالے سے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کے ایک متنازع بیان کے بعد، بحث کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ شیخ رشید احمد کا دعویٰ ہے کہ ان کی کل وزیر اعظم عمران خان سے چار ملاقاتیں ہوئیں، جن میں وزیر اعظم نے ان سے کہا ہے کہ وہ وزارت اطلاعات کا عہدہ سنبھالیں۔

وزیر ریلوے شیخ رشید احمد لاہور میں ایک نیوز کانفرنس کر رہے تھے۔ لیکن، اس اخباری کانفرنس کے شروع ہونے سے پہلے جب کیمرہ مین اپنے کیمرے سیٹ کر رہے تھے، اس دوران ایک صحافی ان کے قریب آکر بیٹھ گیا اور شیخ رشید نے باتیں شروع کر دیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ ان کی کل وزیر اعظم عمران خان سے چار میٹنگ ہوئی ہیں جن میں وزیر اعظم نے ان سے کہا ہے کہ وہ وزارت اطلاعات و نشریات میں آجائیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ''مجھ میں اتنی ہمت نہیں ہے۔ میں پہلے ہی دن رات کام کرتا ہوں''۔

باتوں کے دوران، شیخ رشید نے دورہ لندن پر گئے ہوئے وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے حوالے سے کہا کہ "وہ لندن میں 8 دن سے پکنک پر ہیں۔ میں نے اُن سے کہا ہے کہ لندن سے واپس آجاؤ''۔

اگرچہ یہ تمام گفتگو انہوں نے براہ راست صحافیوں سے نہیں کی۔ لیکن، کیمرے سیٹ کرتے بعض کیمروں کے مائیک سامنے پڑے تھے اور بعض ریکارڈنگ پر بھی تھے، اس وجہ سے شیخ رشید کے تمام جملے ریکارڈ میں آگئے۔ اور کچھ ہی دیر میں تمام ٹی وی چینلز پر ان کو دکھا کر بحث کا آغاز ہوگیا۔

اس معاملے پر لندن میں بیٹھے فواد چوہدری نے بھی فوراً ٹوئیٹ کردی اور کہا کہ ''مجھے شیخ رشید کیلئے اپنی وزارت چھوڑنے اور بطور ایم این اے کام کرنے میں خوشی ہوگی۔ تاہم، وزیر اعظم یہ فیصلہ کرتے ہیں کہ کون کس عہدے کیلئے موزوں ترین ہے''۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ''میں ابھی تک وزیر ہوں اور اشتہاری لابی کی بلیک میلنگ میں نہیں آؤں گا''۔

اس حوالے سے وزیر اعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی نے بات کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری 4 دن سےلندن میں ہیں اور کل پاکستان واپس آجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات میں تبدیلی سے متعلق مجھےکچھ نہیں پتا۔ شیخ صاحب وزیر اعظم سے ملاقاتوں کا خود بتا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فواد چودھری بہترین کام کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم ان کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔

بعد ازاں، شیخ رشید سے ایک صحافی نے دوران نیوز کانفرنس جب یہ سوال کیا کہ اگر آپ کی وزارت تبدیل کردی جائے تو شیخ رشید نے جواب دیا:لو یو، تھینک یو ویری مچ۔

وزیر اعظم عمران خان نے گذشتہ دنوں اپنی حکومت کے 100 دن مکمل ہونے پر صحافیوں کے ایک گروپ سے ملاقات میں بعض وزرا کی وزارتوں میں تبدیلی کا عندیہ دیا اور کہا تھا کہ تمام وزارتوں سے ان کی کارکردگی رپورٹ مانگی ہے اور اس حوالے سے فیصلہ کرونگا۔ اس اعلان کے بعد سے اب تک، کئی وزرا میں پریشانی پائی جاتی ہے۔ تاہم، اس سے میڈیا کو دلچسپ خبر مل جاتی ہے جس سے کئی گھنٹوں تک بلیٹن میں رونق لگائی جا سکتی ہے۔

،

XS
SM
MD
LG