رسائی کے لنکس

بھارت کی شکست نے پاکستان کو ٹیسٹ چیمپئن شپ رینکنگ میں تیسری پوزیشن دلادی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

انگلینڈ کے خلاف برمنگھم ٹیسٹ میں شکست کے بعد بھارت کی آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ رینکنگ میں تنزلی ہوئی ہے جس کا براہِ راست فائدہ پاکستان کو پہنچا ہے۔

بھارتی کرکٹ ٹیم آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ رینکنگ میں تیسری سے چوتھی پوزیشن پر چلی گئی ہے اور پاکستان ٹیم بھارت کی خالی ہونے والی جگہ پر براجمان ہو گئی ہے۔

انگلینڈ نے منگل کو پانچ ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پانچویں اور آخری میچ میں بھارت کو سات وکٹوں سے شکست دی تھی۔ جس کے ساتھ سیریز کا اختتام 2-2 کی برابری پر ہوا تھا۔

میچ میں سلو اوور ریٹ پر بھارتی ٹیم کو نہ صرف ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پوائنٹس میں کمی کا سامنا کرنا پڑا بلکہ ٹیم پر میچ فیس کا 40 فی صد جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔

اس وقت بھارتی ٹیم 52 اعشاریہ صفر آٹھ کی اوسط سے ٹیسٹ چیمپئن شپ کی رینکنگ میں چوتھے نمبر پر ہے جب کہ پاکستان معمولی فرق یعنی 52 اعشاریہ تین آٹھ کی اوسط سے تیسرے نمبر پر ہے۔

واضح رہے کہ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی ابتدائی دو ٹیموں کے درمیان 2023 میں آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل کھیلا جائے گا۔ اس وقت آسٹریلیا 77 اعشاریہ سات آٹھ کی اوسط سے پہلے اور جنوبی افریقہ 71 اعشاریہ چار تین کی اوسط سے دوسرے نمبر پر ہے۔

دفاعی چیمپئن نیوزی لینڈ کی ٹیم 25 اعشاریہ نو تین کی اوسط سے آٹھویں نمبر پر ہے اور وہ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی دوڑ سے باہر ہو چکی ہے۔

بھارت کو برمنگھم ٹیسٹ میں شکست دینے والی انگلش ٹیم کو اس جیت کا تو کوئی زیادہ فائدہ نہیں ہوا لیکن انگلینڈ کی ٹیم سیریز برابر کرنے میں کامیاب رہی اور آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کی رینکنگ میں اس کا ساتواں نمبر ہے۔

XS
SM
MD
LG