رسائی کے لنکس

400 پاکستانیوں کی عمان کے ساحلی علاقوں سے محفوظ مقامات پر منتقلی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

دفتر خارجہ کے ترجمان عبدالباسط نے ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ بحیرہ عرب میں اُٹھنے والافیٹ نامی سمندری طوفان جمعرات کی شب عمان کے مشرقی ساحلی علاقے مصیرہ سے ٹکرانے کے امکان کے پیش نظر اس جزیرے پر موجود لگ بھگ 400 پاکستانیوں کو مقامی حکام کی مدد سے محفوظ مقامات کی طرف منتقل کردیا گیا ہے۔

اُنھوں نے بتایا کہ اب صرف ایسے پاکستانی مصیرہ جزیرے پر موجود ہیں جو وہاں پر سکیورٹی اور ہنگامی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

پاکستانی حکام نے کہا ہے کہ سندھ اور بلوچستان کے جن ساحلی علاقوں سے سمندری طوفان کے ٹکرانے کا امکان ہے وہاں پر کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے انتظامات کر لیے گئے ہیں ۔ پاکستان نیوی کے وائس ایڈمرل عباس رضا نے اس حوالے سے میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیوی کے تمام بحری اور ہوائی جہازوں، ہیلی کاپٹروں اور ساحلی علاقوں میں موجود بحریہ دستوں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

ایڈمرل عباس نے بتایا کہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ایمرجنسی کرائسز سیل بھی قائم کردیے گئے ہیں جب کہ مچھلی پکڑنے کے لیے سمندر میں موجود ماہی گیروں کو بھی مطلع کر دیا گیا ہے کہ وہ کناروں پر پہنچ جائیں۔

دریں اثنا محکمہ موسمیات کے اعلٰی عہدیدار عارف محمود نے وائس آف امریکہ کو بتایا ہے کہ فیٹ نامی سمندری طوفان اتوار کو پاکستان کے ساحلی علاقوں سے ٹکرائے گالیکن اُس وقت تک اس کی شدت میں نمایاں کمی آچکی ہو گی۔

XS
SM
MD
LG