رسائی کے لنکس

کراچی: سنی عالم دین فائرنگ سے ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

38 سالہ مولانا مسعود بیگ جامعہ بنوریہ کے مہتمم اعلیٰ مفتی نعیم کے داماد تھے اور اس جامعہ کے علاوہ کراچی یونیورسٹی میں بھی پڑھاتے تھے۔

پاکستان کے اقتصادی مرکز کراچی میں بدھ کی سہ پہر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے ایک سنی عالم دین کو ہلاک کر دیا۔

مقامی پولیس کے مطابق مولانا مسعود بیگ اپنے بچوں کو اسکول سے لانے کے لیے جا رہے تھے کہ نارتھ ناظم آباد کے علاقے حیدری میں پہلے سے گھات لگائے مسلح افراد نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔

فائرنگ سے مولانا مسعود شدید زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ وہ راستے ہی میں زخموں کی تاب نہ لاتےہوئے دم توڑ گئے۔

حملہ آور جائے وقوع سے موٹر سائیکل پر سوار ہو کر فرار ہوگئے۔

38 سالہ مقتول جامعہ بنوریہ کے مہتمم اعلیٰ مفتی نعیم کے داماد تھے اور اس جامعہ کے علاوہ کراچی یونیورسٹی میں بھی پڑھاتے تھے۔

کراچی میں ہدف بنا کر قتل کرنے کی وارداتوں کے علاوہ فرقہ وارانہ قتل و غارت گری میں ایک بار پھر اضافہ دیکھا جارہا ہے اور حالیہ دنوں میں تقریباً ایک درجن سے زائد افراد ایسے واقعات میں جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

گزشتہ ہفتے کراچی کے علاقے عزیز آباد میں ایک شیعہ عالم دین علامہ علی اکبر کمیلی کو بھی نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا تھا۔ وہ سابق سینیٹر علامہ عباس کمیلی کے صاحبزادے تھے۔

XS
SM
MD
LG