رسائی کے لنکس

کنٹرول لائن پہ فائرنگ، پاکستان کا بھارت سے احتجاج


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

پاکستان کا الزام ہے کہ اس کے زیر انتظام کشمیر میں اتوار کی صبح بھارتی فوج نے ایک پاکستانی چوکی پر فائرنگ کی تھی جس سے اس کا فوجی اہلکار ہلاک ہوا، لیکن بھارت نے اس الزام کو مسترد کیا تھا۔

پاکستان دفتر خارجہ سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق اسلام آباد میں بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو وزارت خارجہ بلا کر گزشتہ روز کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی ’بلا اشتعال‘ فائرنگ پر احتجاجی مراسلہ ان کے حوالے کیا۔

پاکستان کا الزام ہے کہ اس کے زیر انتظام کشمیر میں اتوار کی صبح بھارتی فوج نے ایک پاکستانی چوکی پر فائرنگ کی تھی جس سے فوجی اہلکار ہلاک اور ایک شدید زخمی ہو گیا۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق باغ سیکٹر میں سواں پترا چیک پوسٹ پر یہ واقعہ پیش آیا۔

بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کے پاکستانی موقف کو مسترد کیا ہے۔ ترجمان کرنل جگدیش دیحیا نے الزام لگایا کہ ’’ پاکستان کی طرف سے فائر بندی کی خلاف ورزی پر ہمارے فوجیوں نے جوابی کارروائی کی۔‘‘

کرنل دیحیا کے مطابق ان کا کوئی فوجی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔

کشمیر دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان کشیدگی کی ایک بڑی وجہ رہا ہے اور دونوں ملک اس پر حق ملکیت کے دعویدار ہیں۔

ماضی میں بھی کشمیر کو دونوں ملکوں کے درمیان تقسیم کرنے والی حد بندی ’لائن آف کنٹرول‘ پر ایک دوسرے کی فوجوں پر فائرنگ کے واقعات ہوتے رہے ہیں۔
XS
SM
MD
LG