رسائی کے لنکس

خیبر، اورکزئی میں جیٹ طیاروں کی بمباری


(فائلف فوٹو)
(فائلف فوٹو)

حکام کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان اور دیگر علاقوں سے فرار ہونے والے زیادہ تر عسکریت پسند بھی وادی تیراہ میں آ کر روپوش ہو گئے ہیں۔

حکام نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے فضائیہ کی مدد سے پاکستان کے قبائلی علاقوں خیبر اور اورکزئی میں روپوش عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی میں متعدد ٹھکانوں کو تباہ اور یہاں موجود کم از کم 12 شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

پشاور سے ملحقہ خیبر ایجنسی کی وادی تیراہ میں اتوار کو ہونے والی کارروائی میں جیٹ طیاروں کی مدد سے عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ اس کارروائی میں حکام کے بقول چار شدت پسند ہلاک اور ان کے زیر استعمال دو ٹھکانے تباہ کر دیے گئے۔

وادی تیراہ میں ہونے والی کارروائی سے چند گھنٹے قبل اورکزئی ایجنسی میں بھی جیٹ طیاروں کی مدد سے کی جانے والی کارروائی میں حکام نے عسکریت پسندوں کے زیر استعمال متعدد ٹھکانے تباہ اور اس میں موجود آٹھ شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ۔

حکام نے ان کارروائیوں کے دوران سکیورٹی فورسز کو پہنچنے والے مالی اور جانی نقصان کے بارے میں کسی قسم کی تفصیلات جاری نہیں کی ہیں۔

خیبر ایجنسی کی وادی تیراہ اور اورکزئی ایجنسی کے بالائی پہاڑی علاقوں میں روپوش عسکریت پسندوں کے خلاف سکیورٹی فورسز پچھلے کئی ہفتوں سے کارروائیاں کر رہی ہے۔ ان کارروائیوں میں پچھلے دو ہفتوں کے دوران لگ بھگ 100 شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان اور دیگر علاقوں سے فرار ہونے والے زیادہ تر عسکریت پسند بھی وادی تیراہ میں آ کر روپوش ہو گئے ہیں۔

سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں اور عسکریت پسندوں کے ساتھ جھڑپوں کے باعث ہزاروں کی تعداد میں مقامی لوگوں نے گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقامات پر نقل مکانی کی ہے۔

اُدھر مہمند ایجنسی میں عسکریت پسندوں نے کمپیوٹر اور موبائل کی دُکانوں کو دھماکا خیز مواد سے تباہ کر دیا ہے۔
XS
SM
MD
LG