رسائی کے لنکس

امن کے لیے قبائلی عمائدین کردار ادا کریں: گورنر خیبر پختونخوا


گورنر سردار مہتاب احمد خان
گورنر سردار مہتاب احمد خان

سردار مہتاب احمد خان نے کہا ہے کہ قبائلی عمائدین اگر اپنے علاقوں میں ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے سر انجام دیں تو کوئی بیرونی یا اندرونی شر پسند ان کے سامنے ٹھہر نہیں سکے گا۔

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ کے گورنر سردار مہتاب احمد خان نے کہا ہے کہ قبائلی علاقوں میں امن کا قیام موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے قبائلی عمائدین کو آگے بڑھ کر اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی۔

جمعہ کو گورنر ہاؤس میں ملک حاجی شیر محمد کی سربراہی میں شمالی وزیرستان ایجنسی کے اتمانزئی قبائل کے عمائدین کے نمائندہ جرگے سے خطاب میں سردار مہتاب احمد خان نے کہا کہ قبائلی عمائدین اگر اپنے علاقوں میں ذمہ داریاں بھرپور طریقے سر انجام دیں تو کوئی بیرونی یا اندرونی شر پسند ان کے سامنے ٹھہر نہیں سکے گا۔

ایک سرکاری بیان کے مطابق ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا ارباب محمد عارف کے علاوہ شمالی وزیرستان ایجنسی کے پولیٹکل ایجنٹ سراج خان بھی جرگے میں موجود تھے۔

59 رکنی قبائلی عمائدین پر مشتمل اس جرگے میں رکن قومی اسمبلی نذیر خان، چیف آف وزیرستان ملک نصراللہ خان اور مولوی شیر محمد اور دیگر سرکردہ عمائدین شامل تھے۔

قبائلی عمائدین نے گورنر کو ایجنسی میں امن کے قیام اور ترقی کے لیے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

گورنر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نوازشریف اور صدر ممنون حسین کی اولین ترجیح ہے کہ قبائلی علاقوں میں امن قائم ہو تاکہ یہ علاقے بھی ترقی کر سکیں۔

انھوں نے عمائدین کو بتایا کہ امن کی صورت میں ہی اسکول، شفاخانے اور سڑکیں تعمیر ہو سکیں گی اور بے گھر قبائلی خاندان اپنے علاقوں کو واپس جا سکیں گے۔

گزشتہ ہفتے پاکستانی طالبان نے شمالی وزیرستان میں فوجی کارروائی کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے مقامی آبادی کو 10 جون سے قبل محفوظ علاقوں کی جانب نقل مکانی کی ہدایت کی تھی۔

طالبان شدت پسندوں کے خلاف حال ہی میں پاکستانی فوج نے شمالی وزیرستان کے کئی علاقوں میں فضائی کارروائی کی تھی جس میں عسکری حکام نے درجنوں جنگجوؤں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا۔

اُدھر شمالی وزیرستان میں طالبان کے متحارب دھڑوں کے درمیان آپس کی لڑائی بھی جاری ہے جس میں کم از کم سات افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
XS
SM
MD
LG