رسائی کے لنکس

کرم ایجنسی : بم دھماکے میں 10 ہلاک


کرم ایجنسی : بم دھماکے میں 10 ہلاک
کرم ایجنسی : بم دھماکے میں 10 ہلاک

قبائلی علاقے کرم ایجنسی میں جمعرات کو ایک ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں دس افراد ہلاک اور چار زخمی ہو گئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ پلاسین کے علاقے میں سڑک میں نصب بم اُس وقت پھٹا جب ایک مسافر گاڑی وہاں سے گزر رہی تھی۔

افغان سرحد سے ملحقہ اس قبائلی علاقے میں شدت پسندوں نے اپنے ٹھکانے قائم کر رکھے ہیں اور وہ یہاں سکیورٹی فورسز پر مہلک حملے کرتے رہتے ہیں جن میں سے بیشتر سڑک میں نصب دیسی ساختہ بموں سے کیے جاتے ہیں۔ تاہم متعدد مواقع پر عام شہری بھی ان دھماکوں کی زد میں آئے ہیں۔

دریں اثناء جمعرات کو علی الصبح شمالی وزیرستان میں بغیر پائلٹ کے ایک مبینہ امریکی جاسوس طیارے سے داغے گئے میزائل سے چارمشتبہ شدت پسند ہلاک ہو گئے ۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس قبائلی علاقے میں چار میزائل حملوں میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں اور ان کی ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیاجس میں مجموعی طور پر کم از کم 22 مشتبہ عسکریت پسند ہلا ک ہو گئے ہیں۔

شمالی وزیرستان میں رواں ماہ اب تک مبینہ طور پر امریکی ڈرون طیاروں سے آٹھ حملے کیے جا چکے ہیں، جن میں مجموعی طور پر35 سے زائد مشتبہ عسکریت پسند ہلاک ہو چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG