رسائی کے لنکس

لاہور ہائی کورٹ: نواز شریف کو نااہل قرار دینے کی درخواست خارج


وزیراعظم نواز شریف (فائل فوٹو)
وزیراعظم نواز شریف (فائل فوٹو)

اعلیٰ عدالت کے بینچ نے جمعہ کو درخواست کی لگ بھگ ایک گھنٹے تک سماعت کے بعد اپنے مختصر فیصلے میں اسے ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کر دیا۔

پاکستان کی ایک اعلیٰ عدالت نے وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قرار دینے سے متعلق 24 سال پرانی درخواست مسترد کر دی ہے۔

1991ء میں وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کے لیے ایک وکیل اقبال جعفری نے درخواست دائر کی تھی جس میں نواز شریف پر غیر قانونی اثاثے بنانے کا الزام لگاتے ہوئے استدعا کی گئی تھی کہ اُن کے انتخابات لڑنے پر تاحیات پابندی عائد کی جائے۔

رواں ماہ ہی لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے اس درخواست کی سماعت کے لیے جسٹس فرخ عرفان کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ تشکیل دیا تھا۔

اعلیٰ عدالت کے بینچ نے جمعہ کو درخواست کی لگ بھگ ایک گھنٹے تک سماعت کے بعد اپنے مختصر فیصلے میں اسے ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کر دیا۔

درخواست گزار کے وکیل کی طرف سے بینچ میں شامل دو جج صاحبان کو تبدیل کرنے کی بھی درخواست کی گئی تھی لیکن اقبال جعفری نے ان اعتراضات کو بھی مسترد کر دیا۔

بیرسٹر اقبال جعفری کا کہنا تھا کہ اُنھوں نے 2013ء کے عام انتخابات کے دوران بھی وزیراعظم نواز شریف کے کاغذات نامزدگی کو چیلنج کیا تھا لیکن اُن کے اعتراضات پر توجہ نہیں دی گئی۔

حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے صدیق الفاروق نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا کہ اس فیصلے سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ کئی لوگ صرف ذاتی عناد کی بنیاد پر سیاسی قائدین پر الزامات لگا کر عدالتوں سے رجوع کرتے رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG