پاکستان کے شہر لاہور کے مضافات میں وزیراعظم کی نجی رہائشگاہ کے قریب ایک گھر میں موجود دہشت گردوں اور پولیس کے درمیان کئی گھنٹوں تک فائرنگ کے تبادلے میں ایک شدت پسند مارا گیا، جب کہ اُس کے دوسرے ساتھی کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
یہ واقعہ رائے ونڈ میں رائیاں پنڈ میں پیش آیا اور صوبائی وزرا کے مطابق دہشت گردوں کا بظاہر ہدف وزیراعظم کی نجی رہائشگاہ ہی تھی۔
لگ بھگ دس گھنٹوں تک جاری رہنے والی کارروائی میں ایک پولیس اہلکار ہلاک جب کہ تین زخمی ہو گئے۔
صوبائی وزیر شجاع خانزادہ نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ پولیس کو خفیہ معلومات ملی تھی کہ یہاں گھر میں ایک خاتون اور دو بچے بھی ہیں۔
اُنھوں نے بتایا کہ خاتون اور بچوں کی موجودگی کی اطلاعات کے باعث پولیس نے حتمی کارروائی میں تاخیر کی لیکن کارروائی مکمل ہونے کے بعد معلوم ہوا کہ صرف دو دہشت گرد ہی وہاں تھے۔
صوبائی وزیر کے مطابق دہشت گردوں کے زیر استعمال مکان سے خودکش حملے میں استعمال ہونے والی جیکٹس، ہینڈ گرنیڈ اور جدید خود کار اسلحہ بھی ملا۔
رائے ونڈ کے علاقے جاتی عمرہ میں وزیراعظم نواز شریف کی نجی رہائش گاہ واقع ہے۔