رسائی کے لنکس

پاکستان کو مطلوب 70 افراد کا مبینہ قاتل ہنگری سے گرفتار


فائل فوٹو
فائل فوٹو

ہنگری کی پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ اہلکاروں نے غیر قانونی تارکینِ وطن کو سربیا سے ملحق سرحد پر روکا اور اسی گروپ میں انھیں یہ 35 سالہ مطلوب شخص بھی ملا۔

پاکستان میں 70 افراد کے قتل کے الزام میں مطلوب شخص کو ہنگری میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق یہ شخص تارکینِ وطن کے ایک گروپ کے ساتھ آسٹریا پہنچنا چاہتا تھا لیکن مقامی پولیس نے اسے ہنگری کے جنوبی سرحد کے قریب واقع علاقے سے گرفتار کر لیا۔

حکام کے بقول یہ مبینہ اجرتی قاتل "پاکستانی قصائی" کے نام سے جانا جاتا تھا اور پاکستان کی درخواست پر انٹرپول نے اس کی گرفتاری کے لیے وارنٹ جاری کر رکھے تھے۔

ہنگری کی پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ اہلکاروں نے غیر قانونی تارکینِ وطن کو سربیا سے ملحق سرحد پر روکا اور اسی گروپ میں انھیں یہ 35 سالہ مطلوب شخص بھی ملا۔

پولیس نے اس کا نام اور دیگر تفصیلات فراہم نہیں کیں اور اسے صرف 'اے زیڈ' کے طور پر ظاہر کیا گیا ہے۔

افریقہ اور مشرق وسطیٰ کے علاوہ ایشیا سے بھی تارکین وطن کی ایک بڑی تعداد غیر قانونی طریقوں سے یورپ کا رخ کرتی ہے جن میں سے اکثر نامناسب حالات میں یا تو موت کا شکار ہو جاتے ہیں یا پھر قانون نافذ کرنے والوں کے ہاتھ لگ جاتے ہیں۔

اس گرفتار شخص کے بارے میں مزید معلومات اس خبر کی اشاعت تک حاصل نہیں ہو سکی تھیں تاہم اطلاعات کے مطابق یہ شخص مبینہ طور پر ماہر نشانے باز ہے اور مبینہ طور پر 70 کے لگ بھگ افراد کے قتل کی وارداتوں میں ملوث ہے

XS
SM
MD
LG