رسائی کے لنکس

امریکی بحریہ نے سمندر میں پھنسے پاکستانی ماہی گیروں کو بچا لیا


ایک امریکی ہیلی کاپٹر کو تلاش اور جان بچانے کی مہم پر روانہ کیا گیا
ایک امریکی ہیلی کاپٹر کو تلاش اور جان بچانے کی مہم پر روانہ کیا گیا

خلیجِ عدن میں موجود ایک امریکی جنگی بحری جہاز نے اْن 16 پاکستانی ماہی گیروں کو بچا لیا ہے جو اپنی کشتی ڈوب جانے کے بعد دو دن سے ہنگامی حالت میں استعمال ہونے والی چھوٹی کشتی میں پھنسے ہوئے تھے۔

اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ان پاکستانیوں کو پیر کو جزیرہ سوکوٹراسے 230 کلومیٹر دور امریکی ہیلی کاپٹر اور بحری جہازکی مدد سے بچایاگیا۔

بیان کے مطابق امریکی بحریہ کے ایک پی تھری سی اورین طیارے نے معمول کی گشت کے دوران ان افراد کی موجودگی کی نشان دہی کی تھی جس کے بعد یہ معلومات نزدیک ترین امریکی بحری جہاز یو ایس ایس ایل راڈ کو فراہم کی گئیں اور اس پر موجود ایک سی کنگ ہیلی کاپٹر کو تلاش اور جان بچانے کی مہم پر روانہ کر دیا گیا۔

ہیلی کاپٹر کے ذریعے 12افراد کی جان بچائی گئی اور اس دوران یو ایس ایس ایل راڈکے وہاں پہنچنے پر باقی رہ جانے والے چار افراد کو ایک کشتی کی مدد سے اس جہاز میں منتقل کر دیا گیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ تما م ماہی گیروں کو منگل کے روز صحت مند حالت میں پاکستانی بحریہ کے جہاز پی این ایس بابر پر پہنچا دیا گیا تھا۔

پاکستانی ماہی گیروں کی الانوری نامی کشتی دو جولائی کو ڈھانچے میں شگاف پڑنے کے سبب ڈوب گئی تھی۔

XS
SM
MD
LG